غیر ملکی نیوز چینل نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ٹرمپ سے تعلق میں ’ماسٹرکلاس‘ کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان کے رہنما وائٹ ہاؤس کے ریگولر مہمان بن گئے ہیں۔
غیرملکی نیوز چینل کی جانب سے اپنی رپورٹ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف سمیت پاکستان کی سفارتکاری کی بھی تعریف کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے دیگر رہنماؤں کی تو خوب کلاس لیتے ہیں، لیکن پاکستان کی قیادت ٹرمپ الفاظ کے نشتروں سے محفوظ رہی ہے۔
غیرملکی نیوز چینل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا پاکستان کو ریتھیون میزائل فراہم کرسکتا ہے، ریتھیون فضا سے فضا میں نشانہ بنانے والا مہلک میزائل ہے۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے سفارت کاروں نے مہارت سے ٹیرف کا معاملہ نمٹایا ہے، پاکستان پر بھارت سمیت دیگر ممالک کی نسبت کم ٹیرف عائد ہوا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سفارتی گیم سے بھارت تلملا اٹھاہے جبکہ رپورٹ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کے 7 جہاز گرانے کے دعوے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
غیرملکی چینل کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے بھی متعدد بار جنگ میں 7 جہاز گرائے جانےکی تصدیق کی ہے۔
علاوہ ازیں کہا گیا فیلڈ مارشل کو ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ دیا، ٹرمپ ہمیشہ فاتحوں کو پسند کرتے ہیں، صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل میں ایک ’فاتح‘ دیکھا ہے اور جب کوئی فیصلہ کرنا ہو تو فیلڈ مارشل عاصم منیر دیر نہیں کرتے۔