Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2025 01:22pm

ٹرمپ سے ہتھیار مانگنے پہنچے زیلنسکی کو مایوسی کا سامنا، امریکا جنگ بندی پر بضد

یوکرینی صدر وفد کے ہمراہ وائٹ ہاؤس پہنچے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی جمعہ کے روز وائٹ ہاؤس پہنچے تاکہ اپنی افواج کو روس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے ہتھیار حاصل کر سکیں، تاہم اُنہیں ایک ایسے امریکی صدر کا سامنا کرنا پڑا جو یوکرین کے اسلحہ خانے کو وسعت دینے کے بجائے امن معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے خواہاں نظر آئے۔

صدر زیلنسکی نے کہا صدر ٹرمپ کے پاس موقع ہے یوکرین جنگ کو ختم کریں، ہم امن چاہتے ہیں مگر صدر پیوٹن نہیں چاہتے۔

صدر ٹرمپ نے کہا میرا خیال ہے روسی صدر بھی جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم ٹوما ہاک میزائل کے بغیر جنگ ختم کرنے کے کافی قریب ہیں، دونوں صدور نے نرمی دکھائی تو جنگ ختم ہوسکتی ہے، ہم روسی صدر پیوٹن کو جنگ ختم کرنے پر قائل کر سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگرچہ زیلنسکی کی جانب سے مانگے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ”ٹام ہاک“ میزائل دینے کی درخواست کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا، تاہم ان کے رویے سے ظاہر ہوا کہ وہ اس پر آمادہ نہیں ہیں۔ ٹرمپ آنے والے ہفتوں میں ہنگری میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے منتظر ہیں۔

زیلنسکی سے دو گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کے بعد ٹرمپ نے دونوں ممالک سے جنگ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا، چاہے اس کے لیے یوکرین کو کچھ علاقہ چھوڑنا ہی کیوں نہ پڑے۔

ٹرمپ نے صحافیوں کو فلوریڈا روانگی سے قبل بتایا، “میں نے یہی بات صدر زیلنسکی سے کی، اور یہی بات صدر پیوٹن سے بھی کہی کہ ”آپ جنگ بندی لائن پر رکیں، اور دونوں فریق اپنے گھروں کو لوٹ جائیں، اپنے خاندانوں کے پاس جائیں۔ خون خرابہ بند کریں۔“

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اس تنازعے میں ثالثی کے کردار کے خواہاں ہیں۔ ”میرا خیال ہے کہ صدر زیلنسکی چاہتے ہیں کہ یہ (جنگ) ختم ہو، اور مجھے لگتا ہے کہ صدر پیوٹن بھی یہی چاہتے ہیں۔ اب صرف انہیں تھوڑا سا ایک دوسرے کے ساتھ چلنا ہے،“ ٹرمپ نے کہا۔

تاہم زیلنسکی نے واضح کیا کہ جنگ بندی کی کوششیں انتہائی مشکل ثابت ہو رہی ہیں۔ ”ہم چاہتے ہیں، لیکن پیوٹن نہیں چاہتے،“ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ اُن کے پاس ہزاروں ڈرون تیار ہیں جو روسی اہداف پر حملے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں، لیکن اُنہیں امریکی میزائلوں کی اشد ضرورت ہے۔

زیلنسکی نے کہا کہ ”ہمارے پاس ٹام ہاک نہیں ہیں، اسی لیے ہمیں ٹام ہاک چاہئیں،۔“ ٹرمپ نے جواباً کہا ”ہم یہ زیادہ بہتر سمجھتے ہیں کہ انہیں ٹام ہاکز کی ضرورت ہی نہ پڑے۔“

Read Comments