Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2025 12:49am

امید ہے ایک روز عوام افغان نمائندوں پر مبنی سچی حکومت دیکھیں گے: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کابل میں کوئی آئین موجود نہیں ہے، ایک گروہ طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغان سرزمین سے ہونے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا،کارروائیاں عوامی نقصانات سے پرہیز کو مدنظر رکھ کر کی گئیں۔ افغان رجیم کی درخواست پر دو دن کی جنگ بندی ہوئی ہے، جو آج شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کا مقصد تعمیری بات چیت سے مسئلے کا مشکل مگر قابل عمل حل تلاش کرنا تھا، پاکستان اپنی سرزمین پر افغان شہریوں کی موجودگی پر قانون کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ ایک روز افغان عوام افغان نمائندوں پر مبنی سچی حکومت دیکھیں گے۔

ان کے بقول افغانستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے میں حقائق کو مسخ کیا گیا۔ افغان عبوری وزیر خارجہ کی جانب سے دہشت گردی کو پاکستان کا اندرونی مسئلہ قرار دینے کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ افغان طالبان سے متعلق کسی ملک کو کسی قسم کی معلومات کی فراہمی کے پابند نہیں، ایسے واقعات کے حوالے سے دوست ممالک کو آگاہ رکھا جاتا ہے۔ اسلام آباد اور کابل میں سفارت خانے فعال ہیں، دونوں ممالک کے سفیر ایک دوسرے کے ممالک میں موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان معمول کے رابطے جاری ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ کابل میں کوئی آئین موجود نہیں ہے، ایک گروہ طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں ہے، سب کو علم ہے بھارت افغانستان میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے کی سرپرستی کر رہا ہے، بھارت کا منفی کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے بیانات کسی سے چھپے نہیں ہیں۔

افغان طالبان کے ساتھ 48 گھنٹے کی جنگ بندی کا وقت ختم

دوسری جانب افغان طالبان کے ساتھ 48 گھنٹے کی جنگ بندی کا وقت ختم ہوگیا ہے، پاکستان نے طالبان رجیم کی درخواست پر بدھ کی شام عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

پاک فوج نے افغانستان سے دراندازی پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چوکیوں پر قبضہ کرلیا جب کہ طالبان اور فتنہ الخوارج کے کارندے چوکیاں اور لاشیں چھوڑ کر بھاگ نکلے، مسلسل ہزیمت پر افغان طالبان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔

Read Comments