Aaj Logo

شائع 17 اکتوبر 2025 12:27am

کیا پاکستان میں شدید ترین سردی پڑنے والی ہے؟ محکمہ موسمیات نے اہم بیان جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے رواں سال پاکستان میں شدید ترین سردی پڑنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

موسمیاتی تبدیلی نے انسانی زندگی کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ دس سر فہرست ممالک میں شامل ہیں اور حالیہ چند سالوں میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب سے ملکی معیشت تباہ اور عوام کی غربت میں اضافہ کیا ہے۔

اب سے کچھ دن قبل ایک خبر آئی تھی جس میں عالمی موسمیاتی ماہرین نے پاکستان میں رواں برس کئی دہائیوں بعد کڑاکے دار شدید سردی پڑنے کی پیشگوئی کی تھی اور کہا تھا کہ غیر معمولی سردی نایاب موسمیاتی رجحان “لا نینا” کے باعث ہوگی۔

اس حوالے سے جمعرات کو محکمہ موسمیات پاکستان کا بھی اہم بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں رواں سال پاکستان میں ”ریکارڈ توڑ سردی“ سے متعلق گردش کرتی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ریکارڈ توڑ سردی کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر سے فروری تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے جب کہ زیادہ تر علاقوں میں ہلکی یا معمول کی بارش اور معتدل سردی متوقع ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ ”لا نینا“ کا اثر موسمِ سرما کی شدت کو کم کرے گا، پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ رہنے کی پیشگوئی ہے جب کہ شمالی اور مغربی پہاڑی علاقوں میں برفباری معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات سے متعلق معلومات صرف محکمہ موسمیات کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں پر یقین نہ کریں کیوں کہ جھوٹی اطلاعات عوام میں غیر ضروری ابہام پیدا کرتی ہیں۔

Read Comments