پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کا سلسلہ برقرار ہے، ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال ہوگیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ابتدائی کاروباری سرگرمیوں کے دوران 1500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 1,67,142 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو گزشتہ کئی دنوں کے دوران مارکیٹ میں مسلسل بہتری کا عکاس ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر بھی اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، جب 7,032 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1,65,476 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ معاشی اشاریوں میں بہتری، روپے کے استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، جو مارکیٹ میں مثبت رجحان کو تقویت دے رہا ہے۔