Aaj Logo

شائع 14 اکتوبر 2025 11:52am

’پاکستان کا غزہ امن معاہدے میں گہرا کردار‘: ، وزیراعظم کا شرم الشیخ سے واپسی پر پالیسی بیان جاری

وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ ”غزہ امن کانفرنس“ میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر روانگی سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ میں جاری نسل کشی کو فوراً رکوانا تھی۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری پیغام میں کہا کہ ’میں جبکہ غزہ امن سربراہی اجلاس کے بعد وطن واپس روانہ ہو رہا ہوں تو اس تاریخی اجلاس کی تبدیلی لانے والی نوعیت اور پاکستان کے گہرے کردار پر چند باتیں شیئر کرنا چاہتا ہوں۔‘

وزیرِاعظم نے کہا کہ ’پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر جاری نسل کشی کو فوراً رکوانا تھی۔ دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر ہم نے اس مطالبے کو بار بار دوہرایا اور مضبوط انداز میں پیش کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اس ظلم کو رکوانے کے لیے قدم اٹھائیں گے، اور انہوں نے اپنا وعدہ پورا کیا۔ پاکستان صدر ٹرمپ کے امن میں غیر معمولی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا رہے گا۔‘

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’فلسطینی عوام کی آزادی، عزتِ نفس اور خوشحالی پاکستان کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہے گی۔ انشاءاللہ 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک مضبوط اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمیشہ رہے گی۔‘

Read Comments