Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2025 11:56am

حماس نے چار یرغمالیوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کردیں

فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ امن معاہدے کے تحت چار یرغمالیوں کی باقیات اسرائیل کے حوالے کردیں جس کے بعد لاشیں شناخت کے لیے تل ابیب کی فرانزک لیبارٹری منتقل کر دی گئی ہیں۔

حماس نے چاروں مغویوں کی لاشوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیلی کے حوالے کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغویوں کی لاشوں میں گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز شامل ہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ باقی 24 لاشوں کو نکالنے میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ تدفین کے تمام مقامات کا علم نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کردیا تھا، رہائی پانے والے تمام یرغمالی ہشاش بشاش نظر آئے۔

دوسری جانب اسرائیلی جیلوں سے ایک ہزار 968 فلسطینی قیدی بسوں میں سوار ہو کر غزہ اور مغربی کنارے پہنچے۔

غزہ کے شہری برسوں بعد اپنے پیاروں کو دیکھ کر انتہائی خوش ہیں اور انہوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوب پیار کیا جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہیں۔

وہیں نیتن یاہو حکومت نے حماس پر لاشوں کی واپسی میں دانستہ تاخیر کا الزام عائد کیا ہے۔

Read Comments