اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن مذاکرات کرنے والے قطری شاہی عملے کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ کے قریب ایک المناک کار حادثے میں قطر کے اعلیٰ سرکاری ادارے امیری دیوان کے تین ملازمین جاں بحق ہو گئے، جب کہ دو دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ قطر کے سفارتخانے نے اتوار کو ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
سفارتخانے نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ، ”زخمیوں کو شرم الشیخ کے اسپتال میں ضروری طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ جاں بحق اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو اتوار کے روز بعد میں دوحہ منتقل کیا جائے گا۔“
حادثے کی مزید تفصیلات دیتے ہوئے دو مصری سیکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب قطری سفارتکاروں کی گاڑی ایک موڑ پر الٹ گئی۔ یہ واقعہ شرم الشیخ شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر (31 میل) کے فاصلے پر پیش آیا ہے۔
یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب شرم الشیخ میں قطر، ترکی اور مصر کے حکام کی حالیہ بالواسطہ بات چیت کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق ہوا ہے۔
قطری امیری دیوان حکومت کا سب سے اہم ادارہ سمجھا جاتا ہے، اور اس حادثے میں اہلکاروں کی ہلاکت نہ صرف قطر بلکہ خطے کے سفارتی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ قرار دیا جا رہا ہے۔