پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور پاکستان کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی کے بعد سعودی عرب نے سرحدی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں حالیہ جھڑپوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سعودی عرب کو گہری تشویش ہے۔
بیان میں دونوں ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشیدگی میں اضافے سے گریز کرتے ہوئے، تحمل، حکمت اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رکھا جا سکے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ہر اُس علاقائی اور عالمی کوشش کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دے، بالخصوص پاکستان اور افغانستان کے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے۔
بیان کے مطابق، سعودی عرب خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کا خواہاں ہے اور امید رکھتا ہے کہ برادر ممالک پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے تاکہ دونوں قومیں ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھ سکیں۔