فلپائن کے جنوبی جزیرے مائنڈاناو کے قریب شدید زلزلہ آیا ہے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ زلزلہ زمین کی سطح سے تقریباً 20 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ جس کے بعد فلپائن، انڈونیشیا اور پالاو کے ساحلی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
زلزلے کے فوراً بعد، فلپائن کے موسمیاتی اور زلزلہ مانیٹرنگ ادارے نے سونامی کی وارننگ جاری کی اور ساحلی علاقوں جیسے داؤاو، سامار، لیتے، سوریگو ڈیل نورتے، اور دیگر نزدیکی جزائر کے رہائشیوں کو فوری طور پر بلند جگہوں یا اندرون ملک منتقل ہونے کا کہا گیا تاکہ وہ ممکنہ سونامی سے محفوظ رہ سکیں۔ حکومت نے تعلیمی ادارے بند کرنے اور سرکاری دفاتر کو عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات دیے تاکہ عوامی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
فلپائن کے صدر فرنینڈو مارکوس جونیئر کے مطابق، اہلکار صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں جلد موقع پر پہنچ کر متاثرین کی مزید امداد کریں گی۔
فلپائن میں زلزلوں اور آتش فشاں کی سرگرمیوں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں زلزلہ اور سونامی کا خطرہ روزمرہ کا معاملہ ہے کیونکہ یہ ’رنگ آف فائر‘ کے علاقے میں واقع ہے۔
رنگ آف فائر (Ring of Fire) سے مراد وہ جغرافیائی علاقہ ہے جو بحرالکاہل (Pacific Ocean) کے ارد گرد واقع ہے اور جہاں زمین کی پرتیں ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں یا ایک دوسرے کے نیچے سرک جاتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں اکثر وقت یہاں زمین ہلتی ہے اور آتش فشاں پھٹتے ہیں۔
یہ زلزلہ فلپائن میں حالیہ مہینوں میں آنے والے شدید قدرتی آفات کا تازہ واقعہ ہے، جس میں دو ہفتے پہلے ہی ملک میں ایک اور 6.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے 70 سے زائد افراد کی جان لی تھی اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔
زلزلے کے بعد حکام نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ ہوشیار رہیں کیونکہ مزید جھٹکے آسکتے ہیں اور ممکنہ نقصان کا خطرہ ہے۔ سمندری طوفان کے خدشے کے باعث کشتیوں کے مالکان کو اپنے بحری جہاز محفوظ جگہ منتقل کرنے کو کہا گیا ہے۔
یہ زلزلہ فلپائن اور آس پاس کے ممالک جیسے انڈونیشیا اور پالاوا میں بھی سونامی کے امکانی خطرات کی وجہ سے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔