پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہٹاکر سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنا دیا ہے۔ سہیل خان کو علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد اسمبلی میں ووٹنگ کے زریعے نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے نئے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے وہ 12 جولائی 1989 کو ضلع خیبر میں پیدا ہوئے۔
سہیل آفریدی نے فروری 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار آزاد حیثیت سے حصہ لیا اور حلقہ پی کے 70 خیبر ٹو سے کامیابی حاصل کی اور الیکشن میں کامیابی کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔
عام انتخابات میں انہوں نے بڑے مارجن کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے بلاول آفریدی اور جے یو آئی کے حمید اللہ جان آفریدی سمیت دیگر کو شکست دی تھی۔
رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سہیل آفریدی موجودہ حکومت میں وزیرِاعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات مقرر ہوئے۔ حالیہ دنوں صوبائی کابینہ میں رد و بدل میں سہیل آفریدی کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن کا قلمدان تفویض کیا گیا۔
سہیل آفریدی کافی عرصے تک انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) خیبرپختونخوا کے بھی صدر رہے جب کہ ان کا کسی سیاسی خاندان سے تعلق نہیں۔
انہوں نے بی ایس اکنامکس کی ڈگری حاصل کی جب کہ پیشے کے اعتبار سے وہ بزنس مین ہیں۔
ضلع خیبر سے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے سہیل آفریدی صوبے کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔