Aaj Logo

شائع 08 اکتوبر 2025 02:21pm

’پنجاب کے بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں ہوں گے‘: الیکشن کمیشن کا فیصلہ جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں طویل عرصے سے مؤخر ہوتے آرہے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت مکمل کرنے کے بعد محفوظ فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات 2002 کے بلدیاتی قانون کے تحت کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو دو ماہ میں حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’بلدیاتی حلقہ بندیوں پر فوری طور پر کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوسکیں۔‘

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے تھے کہ ’اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونا ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ الزامات الیکشن کمیشن پر آرہے ہیں، لہٰذا اب ہم فیصلہ سنائیں گے۔‘

پنجاب حکومت کے اسپیشل سیکریٹری برائے بلدیات کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور صوبائی حکومت کی جانب سے قانون سازی میں تاخیر کی وجوہات بیان کیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مدت سال 2021 میں ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد اب تک انتخابات نہیں ہوسکے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے قوانین میں اب تک 5 مرتبہ ترامیم کی جاچکی ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن 3 مرتبہ حلقہ بندیاں مکمل کرچکا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ادارہ بارہا صوبائی حکومت کو مراسلے بھجوا چکا ہے اور متعدد اجلاس بھی منعقد کیے جاچکے ہیں، مگر قانون سازی کے فقدان کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہوتے رہے۔

فیصلے کے مطابق، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اب ہر حال میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے تاکہ صوبے میں مقامی حکومتوں کا نظام دوبارہ فعال ہوسکے۔

Read Comments