Aaj Logo

شائع 07 اکتوبر 2025 01:20pm

کوہلی اور روہت شرما کو سائیڈ لائن کرنے پر ہیڈ کوچ گوتم گمبیر سابق بھارتی کرکٹر کے نشانے پر آگئے

بھارت کے اسٹار کرکٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما کو سائیڈلائن کرنے پر سابق بھارتی کرکٹر ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پر برس پڑے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواری نے گوتم گمبھیر پر الزام لگایا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ نے سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرنے کا ماحول پیدا کیا ہے۔

ان کا یہ بیان حالیہ ریٹائرمنٹس کے حوالے سے آیا ہے، جن میں روی چندرن اشوین، روہت شرما اور ویرات کوہلی شامل ہیں۔

اشوین نے گزشتہ برس بھارت کے آسٹریلیا دورے کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ روہت اور کوہلی نے مئی 2025 میں، انگلینڈ کے دورے سے چند ہفتے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا۔

ایک اسپورٹس پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے منوج تیواری نے کہا کہ گوتم گمبھیر نے سینئر کھلاڑیوں کو ان کی ٹیم میں مضبوط پوزیشن اور ان کے فیصلوں پر سوال اٹھانے سے بچنے کے لیے اُنہیں جلد ریٹائرمنٹ پر مجبور کیا۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ، ”اگر سینئر کھلاڑی موجود ہوں، جیسے اشوین ہوں، روہت ہوں یا ویرات ہوں، تو یہ کھلاڑی کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ان کی ٹیم میں موجودگی کوچ یا دیگر اسٹاف سے کہیں زیادہ ہے۔ اگر اُنہیں کوئی بات پسند نہ آئے تو یہ سوال اٹھائیں گے۔ مگر گمبھیر نے بس یہ یقینی بنایا کہ یہ لوگ ٹیم میں نہ ہوں۔“

منوج تیوری نے مزید کہا کہ، ”میں نے دیکھا ہے کہ جب سے ہیڈ کوچ نے ذمہ داری سنبھالی ہے، بہت سے تنازعات پیدا ہوئے ہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھارتی کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے ان کے آنے سے بعض کھلاڑی فوری ٹیم کا حصہ بنا دیے گئے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ گوتم گمبھیر تسلسل سے کام نہیں کر رہے۔“

انہوں نے روہت اور ویرات کی بھارتی کرکٹ میں خدمات کو بھی سراہا اور کہا، ”جو حالات اور ماحول بنایا گیا ہے، اور جو دباؤ ان کھلاڑیوں پر ہے، میرے خیال میں روہت اور ویرات بھارتی کرکٹ کے بہترین خادم ہیں۔ انہوں نے بھارتی کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔ وہ کھلاڑی جو دل و جان سے کھیلتے ہیں، ہم نے دیکھا ہے کہ انہوں نے سب کچھ دیا ہے۔“

39 سالہ تیوری نے یہ بھی کہا کہ اگر گمبھیر 2027 ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی میں روہت اور ویرات کو شامل نہیں کرتے تو یہ ایک بہت بڑی غلطی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ، ”اگر یہ کھلاڑی محسوس کریں کہ ان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور انہیں ڈریسنگ روم میں نہیں چاہا جا رہا، تو وہ ریٹائرمنٹ پر غور کر سکتے ہیں۔ لیکن میرا خیال ہے کہ وہ کھیلنا چاہتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ گمبھیر اتنا بڑا فیصلہ نہیں کریں گے کہ ان دونوں کو ٹیم میں شامل نہ کریں کیونکہ وائٹ بال فارمیٹ میں کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ یہ دونوں بہترین کھلاڑی ہیں۔ اگر گمبھیر ان دونوں کو ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی میں شامل نہ کریں تو یہ واقعی ایک بہت بڑی غلطی ہوگی۔“

Read Comments