Aaj Logo

شائع 06 اکتوبر 2025 04:39pm

پاکستان میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں آج فی تولہ سونا 5400 روپے مہنگا ہوگیا۔

پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا مزید مہنگا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 400 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 15 ہزار 278 روپے ہو گئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کے بھاؤ میں بھی 4 ہزار 629 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 56 ہزار 33 روپے کی سطح پر آگیا۔

دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 54 ڈالر اضافے سے 3940 ڈالر فی اونس ہے۔

سونے کے علاوہ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا، جس کے ساتھ ہی چاندی قیمت فی تولہ 4 ہزار سے متجاوز ہو گئی۔

مارکیٹ نرخ کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 4 ہزار 949 روپے ہوگئی، جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے، معاشی غیر یقینی صورت حال اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان نے سونے اور چاندی کی مانگ میں اضافہ کر دیا ہے۔

Read Comments