Aaj Logo

شائع 05 اکتوبر 2025 05:44pm

ریل کا سفر کرنے والوں کے لیے بُری خبر! ریلوے نے کرایوں میں اچانک اضافہ کردیا

اندرون ملک طویل سفر کے لیے لوگوں کی پہلی ترجیح ریل کا سفر ہوتی ہے ایسے ہی مسافروں کے لیے بُری خبر ہے کہ پاکستان ریلوے نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

ٹرین کا سفر ہمیشہ سے پرلطف رہا ہے جس سے سفر کے ساتھ ساتھ نئے نئے نظارے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اندرون ملک طویل سفر کے لیے ریلوے پرلطف اور سستا ہونے کے وجہ سے ہمیشہ سے لوگوں کی اولین ترجیح رہا ہے تاہم وہ افراد جو ٹرین سے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے لیے بُری خبر ہے کہ پاکستان ریلوے نے ٹرین کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

لاہور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میں مسافروں کے لیے کمپلیمنٹری سروسز کا اضافہ کرکے کرایے بڑھا دیے گئے ہیں۔

ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق پنڈی ریل کار سبک خرام اور ریل کار سبک رفتار کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق آج سے ہو گا۔

لاہور سے راولپنڈی ٹرین کرایے میں 150 سے 250 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، لاہور سے راولپنڈی اکانومی کلاس کا کرایہ 150 روپے جب کہ اے سی کلاس کا کرایہ 250 روپے بڑھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان اے سی پارلر کا کرایہ 2500، اے سی بزنس کا 2250 ہوگیا ہے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 2100 اور اکانومی کلاس کا کرایہ 1300 روپے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، چائے اور سنیک کی فراہمی پر اضافی رقم لی جا رہی ہے، اب مسافر دوران سفر سنیکس اور چائے کا مزا لے سکیں گے، مسافروں کے لیے برگر، سینڈوچ، پیٹیز، چپس، کیک، جوس اور چائے کی آپشن ہو گی۔

Read Comments