وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ اور بھارتی فوج کے سربراہ اُپیندر دِوییدی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار بھارت انشاء اللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔
بھارتی دفاعی و فوجی قیادت کے تازہ بیانات کے بعد پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی نئی لہر میں گزشتہ دو روز سے مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان سر کریک کے قریب فوجی بنیادی ڈھانچے کی توسیع کر رہا ہے اور اگر وہاں کوئی مہم جوئی ہوئی تو ان کا جواب ایسا فیصلہ کن ہوگا کہ تاریخ اور جغرافیہ بدل جائیں گے۔‘
اسی تناظر میں انڈین آرمی چیف نے بھی سخت الفاظ استعمال کیے اور خبردار کیا کہ ’اگر سرحدی یا علاقائی دہشت گردی برقرار رہی تو پاکستان کو عالمی نقشے میں اپنی جگہ پر نظرِ ثانی کرنا پڑ سکتی ہے، اور ماضی کی نسبت آئندہ بھارت اپنا صبر ختم کر سکتا ہے‘۔
اسی تقریب میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے مئی میں ہوئے پاک بھارت تصادم کے حوالے سے بے بنیاد دعوے دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کئی لڑاکا طیارے تباہ ہوئے اور طویل فاصلے تک کارروائی کے ذریعے پاکستانی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔
پاکستانی حکام اور پاک فوج کی ترجمانی (آئی ایس پی آر) نے ان بیانات کو خطرناک، اشتعال انگیز اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج لانے والا قرار دیتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایسے دعوے اور دھمکیاں خطے میں مزید تشدد کو جنم دے سکتی ہیں اور پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اگر کوئی نیا تصادم یا مہم جوئی کی گئی تو اس کا جواب بھرپور، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی بھارتی فوجی و سیاسی قیادت کے بیانات کو اپنی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد اسکور 0-6 رہا، اگر دوبارہ کوشش کی گئی تو انشاء اللہ بہتر نتیجہ برآمد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے رب کے نام پر قائم ریاست ہے اور اس کے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس بار بھارت اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا۔