Aaj Logo

شائع 03 اکتوبر 2025 01:25pm

امریکی سفارت خانے کی پاکستان میں ویزا معلومات ’ایکس‘ پر محدود کر دی گئی

پاکستان میں امریکی ویزے کے خواہشمند شہریوں کو ویزے اور دیگر قونصلر معلومات پہلے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئیٹر) کے ذریعے فراہم کی جاتی تھیں، تاہم اب یہ سہولت محدود کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے کے مطابق بعض سیکیورٹی خدشات اور بجٹ کی منظوری میں تاخیر کے باعث ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئیٹر) پر امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجٹ کی منظوری میں تاخیر کی وجہ سے یہ ’ایکس‘ پر موجود اکاؤنٹ مکمل آپریشنز کی بحالی تک باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہیں کیا جائے گا، تاہم ہنگامی سیکیورٹی اور حفاظتی معلومات کی فراہمی جاری رہے گی۔

امریکی ترجمان نے واضح کیا کہ اس وقت امریکا کے اسلام آباد میں قائم سفارت خانے اور دیگر قونصل خانوں میں پاسپورٹ اور ویزا خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی، لیکن صورتحال کے مطابق ان میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ سوشل میڈیا پر مکمل اپ ڈیٹس ممکن نہیں رہیں، اس لیے پاکستانی شہریوں کو ویزا سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اب براہِ راست سفارت خانے یا قونصل خانوں سے رابطہ کرنا ہوگا، یا امریکی محکمہ خارجہ کی آفیشل ویب سائٹ travel.state.gov پر ملیں گی۔

Read Comments