Aaj Logo

شائع 02 اکتوبر 2025 08:35pm

گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے

اسرائیل کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، اٹلی، ترکیہ، امریکا، تیونس ،یونان، اسپین، برازیل، کولمبیا، ارجنٹینا سمیت دیگر ممالک میں بھی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور دھرنے دے دیے۔

ایتھنز میں سخت سیکیورٹی، احتجاجی مارچ کی کال

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں اسرائیلی سفارتخانے کی سیکیورٹی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی ہے۔ پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، داخلی و خارجی راستوں پر جدید نگرانی کے آلات نصب کیے گئے ہیں، جبکہ حساس مقامات پر خفیہ اہلکاروں کی تعیناتی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

یہ اقدام فلوٹیلا کے حق میں جاری احتجاجی مظاہروں اور آئندہ دنوں میں بڑے احتجاجی مارچ کی کال کے بعد کیا گیا ہے۔ مظاہرین پہلے ہی سائروس، پیری بندرگاہ اور دیگر علاقوں میں اسرائیل مخالف ریلیاں نکال چکے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ یونانی حکومت اسرائیل کے ساتھ توانائی و دفاعی تعاون ختم کرے۔

بائیں بازو کی جماعتیں اور انسانی حقوق کے کارکن اکتوبر کے وسط میں بڑے احتجاجی مارچ کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں اسرائیلی سفارتخانے کو علامتی طور پر نشانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور ممکنہ طور پر سفارتی عملے کی جزوی واپسی بھی زیر غور ہے۔

یورپ: سڑکیں گونج اٹھیں، ریلوے بند، ہڑتال کی کال

فلوٹیلا پر حملے کے بعد فرانس اور یونان کے مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل مخالف نعرے لگا رہے تھے۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں سیکڑوں مظاہرین نے ٹرمنی اسٹیشن کے سامنے پیاچا دی چیونکوینتو پر جمع ہو کر اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امدادی قافلے پر حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

اسی طرح اسپین کے شہر بارسلونا میں بھی سیکڑوں افراد نے اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا اور غزہ کے عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اعلان کیا۔

برلن میں مظاہرین نے احتجاجاً مرکزی ریلوے اسٹیشن بند کردیا

جرمنی کے شہر برلن میں درجنوں افراد مرکزی ریلوے اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور اسرائیلی کارروائی کے خلاف مظاہرہ کیا، جبکہ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جو پلاس دی لا بورس سے چل کر بیلجین وزارتِ خارجہ تک پہنچی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملہ انسانی ہمدردی کی کوششوں پر کھلا حملہ ہے اور عالمی برادری کو فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے فوری قدم اٹھانا چاہیے۔

** نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ریلی**

نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرین نے ریلی نکالی، جس میں مختلف رنگ و نسل اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بنایا جائے اور فلوٹیلا کو تحفظ دیا جائے۔

استنبول میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا۔ تیونس اور ارجنٹائن میں شہریوں نے دھرنے دیے اور فلوٹیلا کو روکنے کے فیصلے کی مذمت کی۔

دیگر ممالک میں بھی شدید ردعمل

فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف مظاہروں کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق برازیل، اسپین، سویڈن، بیلجیم، آئرلینڈ، میکسیکو، یوراگوئے، پاکستان، ملائشیا اور مالدیپ میں بھی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

مظاہرین نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے، انسانی امداد کی راہ ہموار کرنے، اور فلسطینیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

Read Comments