Aaj Logo

شائع 30 ستمبر 2025 10:26am

117 سالہ خاتون کی طویل عمر کا راز سامنے آگیا

دنیا کی طویل العمرخاتون کی زندگی اور عادات پر کی جانے والی سائنسی تحقیق نے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین کی ماریا برانیئس دنیا کی سب سے معمر خاتون تھیں جو 117 برس تک زندہ رہیں۔ ان کے معدے کی صحت بالکل بچوں جیسی تھی، جس کی وجہ سے ان کے جسم میں سوزش بالکل نہیں تھی۔ جانتے ہیں وہ کس قسم کی غذائیں کھاتی تھیں جو ان کی لمبی عمر کا راز بنی؟

محبت میں کروڑوں لٹانے والی باس کو عدالت سے بڑا جھٹکا

ماریا نے مرنے (2024) سے پہلے خون، تھوک، پیشاب اور فضلے کے نمونے سائنس دانوں کو دیے تھے۔ ان نمونوں کے تجزیے میں یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ ان کے خلیے بوڑھے تھے، مگر ان کے جین بالکل جوان لوگوں کی طرح صحت مند تھے۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ ان کے آنتوں میں موجود اچھے بیکٹیریا نے جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھا اور سوزش کو کم کیا۔

سائنسدانوں کے مطابق ماریا برانیئس کے جینز میں کچھ ایسی تبدیلیاں موجود تھیں جو عمر بڑھنے کے ساتھ عام طور پر پیدا ہونے والی بیماریوں، جیسے دل کی بیماریاں، ذیابیطس اور اعصابی کمزوری کے امکانات بڑھا سکتی تھیں۔ تاہم حیرت انگیز بات یہ تھی کہ یہ جینیاتی تبدیلیاں الزائمر یا پارکنسن جیسی شدید بیماریوں کا سبب نہیں بنیں۔

غربت سے خوشحالی تک کا سفر:ایسا گھر جہاں دولت، صحت اور سکون کا راج ہو

ماریا کی طویل عمر میں نہ صرف ان کے جینز بلکہ صحت مند طرزِ زندگی کا بھی بڑا حصہ تھا۔ وہ روزانہ تین بار دہی یا دہی جیسی غذائیں کھاتی تھیں، جس سے ان کا وزن اور جسمانی صحت متوازن رہی۔ ان کی خوراک میں مچھلی اور زیتون کا تیل بھی شامل تھا۔

ماریا ہمیشہ جسمانی طور پر سرگرم رہیں اور اپنی صحت مند عادات برقرار رکھیں۔ ان کی ذہنی صحت بھی قابل رشک تھی اور وہ عمر رسیدہ ہونے کے باوجود اپنی دلچسپیوں سے دستبردار نہیں ہوئیں۔

انہیں مطالعہ، پیانو بجانا اور باغبانی کرنا بہت پسند تھا، جس سے ان کا دماغ تندرست اور فعال رہتا تھا۔ ماریا نے کبھی سگریٹ یا شراب کا استعمال نہیں کیا اور یہی عوامل ان کی لمبی، صحت مند اور خوشگوار زندگی کا راز بنے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ماریا کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اچھی غذا، مثبت عادات اور ذہنی سکون نہ صرف بیماریوں سے بچاتے ہیں بلکہ طویل عمر کے امکانات بھی بڑھاتے ہیں۔

Read Comments