بالی وُڈ اداکار ویویک اوبرائے نے دو دہائیوں بعد اپنے ماضی کے اس باب پر بات کی جو برسوں تک ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی پر سایہ فگن رہا۔
2003 میں ویویک اوبرائے کی وہ پریس کانفرنس بالی وُڈ کی تاریخ کے سب سے بڑے تنازعات میں شمار کی جاتی ہے جب انہوں نے ایشوریا رائے کے ساتھ جُڑنے کی خبروں کے بعد سلمان خان پر دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے اور میڈیا کے سامنے کھل کر بات کی۔
’سلمان خان، ایشوریا سے بریک اپ کے بعد گانے سن کر روتے تھے‘
یہ قدم ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا کیونکہ وہ اُس وقت تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہے تھے، مگر تنازع نے ان کا کیریئر پٹری سے اتار دیا۔اب، برسوں بعد، ویویک اس واقعے کو ایک ”غیر ضروری اور ناپختہ ردِعمل“ قرار دیتے ہیں۔
بالی وُڈ اداکار نے حال ہی میں پراکھر گپتا سے گفتگو میں بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہوں نے جذباتی طور پر خود کو بالکل بند کر لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ، ’میں ہمیشہ سے حساس اور جذباتی انسان رہا ہوں۔ دل ٹوٹنے کے بعد میں نے خود کو دوسروں سے کاٹ لیا تاکہ دوبارہ وہ درد نہ سہنا پڑے۔ لیکن یہ فطرت کے خلاف تھا۔ انسان کو دوبارہ محبت کے لیے کھلنا ہوتا ہے اور پھر سے جینا اور محسوس کرنا ہوتا ہے۔‘
ہفتے کے صرف 1000 روپےملتے تھے، وہ بھی انوکھی شرط کے ساتھ، سیف علی خان کا انکشاف
انہوں نے اعتراف کیا کہ اُس وقت کی تنہائی بہت خوفناک اور اذیت ناک تھی، لیکن وقت نے انہیں یہ سمجھایا کہ یہ مرحلہ بھی گزر جاتا ہے۔ آج ویویک اس دور کو ایک سبق سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا،’جب مشکل وقت سر پر آتا ہے تو سب کچھ بڑا لگتا ہے۔ لیکن بعد میں احساس ہوتا ہے کہ یہ سب خدا کی طرف سے ہمیں مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے۔ آج میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو سب کچھ کچا اورغیر سنجیدہ لگتا ہے۔ اُس وقت جو ردعمل دیا، اب وہ مضحکہ خیز محسوس ہوتا ہے۔‘
اگرچہ ویویک اب اس تنازع کو بھول چکے ہیں اور کسی کڑواہٹ کو دل میں نہیں رکھتے، لیکن ایک چیز وہ آج بھی نہیں بھول پاتے، اپنی ماں کی آنکھوں کے آنسو اور والد کے چہرے کی پریشانی۔
’ان لمحوں سے آگے بڑھنا سب سے مشکل تھا۔ کیریئر دوبارہ بنایا جا سکتا ہے لیکن والدین کا دکھ بھلانا آسان نہیں۔‘
ایشوریا رائے اور ویویک کا تعلق قلیل مدت کا تھا لیکن اُس کے اثرات بہت گہرے ثابت ہوئے۔ سلمان خان کے ساتھ جھگڑا، میڈیا کی توجہ اور فلمی دنیا میں پیدا ہونے والے فاصلے نے وِیویک کی شبیہ کو طویل عرصے تک متاثر کیا۔
آج، بیس سال بعد، وہ کہتے ہیں کہ ماضی کی تلخیوں نے انہیں مضبوط بنایا، اور وہ اب صرف مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا ”جو کچھ ہوا، میں بھول چکا ہوں۔ اب کوئی تلخی دل میں نہیں ہے۔“
ویویک نے حالیہ برس میں فلم ”کےسری ویر“ میں کام کیا تھا اور اب وہ اپنی مشہور کامیڈی سیریز کی اگلی فلم ”مستی 4“ میں نظر آئیں گے۔