Aaj Logo

شائع 27 ستمبر 2025 10:52am

پاکستان میں نوجوان فیس بک اور میسنجر صارفین کے لیے الگ ’’ٹین اکاؤنٹس‘‘ کا آغاز

میٹا کی ملکیت فیس بک اور اس سے منسلک پیغام رسانی کی ایپلی کیشن میسنجر نے پاکستان میں نوجوان صارفین کے لیے ’’ٹین اکاؤنٹس‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ فیچر ایک سال قبل میٹا کی جانب سے متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد کم عمر صارفین کو آن لائن دنیا میں محفوظ رکھنا ہے۔

میٹا کے مطابق دنیا بھر میں انسٹاگرام پر پہلے ہی لاکھوں نوجوان ’’ٹین اکاؤنٹس‘‘ استعمال کر رہے ہیں اور اب یہ سہولت پاکستان میں بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں اس ہفتے سے تمام کم عمر صارفین کو بتدریج ’’ٹین اکاؤنٹس‘‘ میں منتقل کیا جائے گا۔

ان اکاؤنٹس میں خودکار حفاظتی اقدامات شامل ہیں، جو والدین کی سب سے بڑی تشویش یعنی ”نوجوان کس سے بات کر رہے ہیں اور کیا دیکھ رہے ہیں“ کو دور کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

اس فیچر کے ذریعے غیر ضروری یا غیر موزوں رابطوں اور مواد تک رسائی محدود کر دی گئی ہے تاکہ کم عمر صارفین کا وقت مثبت اور محفوظ انداز میں گزر سکے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ وہ والدین کے اعتماد کو مزید بڑھانے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل نئے اقدامات کر رہا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فیچر آن لائن ہراسانی اور نقصان دہ مواد سے نوجوانوں کو بچانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

Read Comments