بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان اپنی کامیڈی ڈرامہ فلم ’کریو‘ کے سیکوئل کے ساتھ واپس آنے والی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ’کریو 2‘ کی تیاری باقاعدہ طور پر شروع ہو گئی ہے اور کرینہ نے اپنی واپسی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور نے 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ”کریو“ میں ”جیسمین کوہلی“ نامی ایئر ہوسٹس کا کردار ادا کیا تھا اور اب وہ سیکوئل میں دوبارہ اسی کردار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ٹیم نے کئی آئیڈیاز پر غور کرنے کے بعد ایک ایسی کہانی منتخب کی ہے جو سیکوئل کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکتی ہے۔
کرینہ نے سیکوئل میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ مکمل اسکرین پلے سننے کے بعد معاہدے پر دستخط کریں گی۔ اس وقت سب کچھ ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن پوری ٹیم فرنچائز کو آگے بڑھانے کے لیے پرجوش ہے۔
یہ ابھی واضح نہیں ہوا ہے کہ کریتی سینن اور تبو بھی سیکوئل کا حصہ ہوں گی یا نئے چہرے شامل کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، موجودہ منصوبہ یہ ہے کہ کریو 2 میں تین اے لسٹ اداکارائیں ہوں، جس میں کرینہ کی واپسی یقینی ہے، جبکہ دیگر تفصیلات ابھی راز میں رکھی گئی ہیں۔
2024 میں ریلیز ہونے والی ’کریو‘ میں کرینہ کپور، کریتی سینن اور تبو نے تین فلائٹ اٹینڈنٹس کے کردار ادا کیے تھے جو سونے کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں۔ فلم کو ناظرین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا اور باکس آفس پر یہ 100 کروڑ روپے سے زائد کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اداکارہ اس وقت میگھنا گلزار کے ساتھ فلم ”دائرا“ پر بھی کام کر رہی ہیں، جو ایک کرائم ڈرامہ تھرلر ہے۔ اس فلم میں کرینہ کے ساتھ پرتھوی راج سوکمارن مرکزی کردار میں ہیں اور فلم سماجی حقائق اور انصاف کے موضوعات پر مبنی ہے۔ مزید یہ کہ، ’ویرے دی ویڈنگ‘ کے سیکوئل کے بارے میں بھی ابتدائی بات چیت جاری ہے۔