بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور پارلیمنٹ ممبر جیا بچن اپنے غصے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ کبھی ممبئی کے فوٹوگرافرز پر برہمی، تو کبھی اجنبی افراد کو دھکا مارکر سخت کلمات کہنا ان کے لیے عام سی بات ہے ، لیکن اس بار ان کے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بھوجپوری فلم انڈسٹری کے مقبول اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا نے شیئر کیا ہے۔
نرہوا نےسدھارتھ کانن کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران بتایا کہ 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم گنگا دیوی کی شوٹنگ کے دوران جیا بچن نے انہیں ایک سین میں حقیقت میں چھڑی سے مارا تھا۔ اس فلم میں وہ امیتابھ بچن اور جیا بچن دونوں کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
سلمان خان کس اداکارہ کے چھونے پر سنگین بیماری کا شکار ہوئے؟
نرہوا نے بتایا، ’ایک سین میں مجھے اپنی آن اسکرین بیوی کو تھپڑ مارنا تھا، جس پر جیا جی جو فلم میں میری ماں کا کردار ادا کر رہی تھیں کو مجھے ڈانٹ کر چھڑی سے مارنا تھا۔ عام طور پر یہ سب جھوٹ موٹ دکھایا جاتا ہے، لیکن جیا جی نے حقیقت میں مجھے زور سے مار دیا۔ وہ بہت غصے والی ہیں۔‘
نرہوا نے ہنستے ہوئے مزید کہا، ’میں نے ان سے کہا کہ آپ تو مجھے سچ مچ مار رہی ہیں! تو وہ بولیں، ’تو نے میری بہو کو کیوں مارا؟‘ میں نے کہا وہ تو ایکٹنگ تھی، لیکن آپ تو اصلی میں مار رہی ہیں۔‘
نرہوا نے اس تجربے کو یادگار قرار دیا اور کہا، ’جب میرے حواس بحال ہوئے تو سوچا کہ یہ بھی پرساد ہے۔ آخر کتنے لوگوں کو یہ موقع ملتا ہے کہ ایک ہی فلم میں امیتابھ بچن اور جیا بچن دونوں کے ساتھ کام کریں،‘
نرہوا کے مطابق، جیا بچن کے برعکس امیتابھ بچن سے پہلی ملاقات نہایت خوشگوار رہی۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا، ’جب پہلی بار بگ بی سے ملا تو گھبرا گیا، سمجھ نہیں پایا کہ بات کیسے شروع کروں۔ لیکن انہوں نے خود ہنسی مذاق سے ماحول ہلکا کر دیا۔ وہ میرے گانوں پر بات کرتے اور قہقہے لگاتے، جس سے میری جھجک ختم ہوگئی۔‘
فلم ’گنگا دیوی‘ کی ہدایت کاری ابھیشیک چھڈھا نے کی تھی۔ فلم میں امیتابھ بچن، جیا بچن، دنیش لال یادو، گلشن گروور اور وِنَے بہاری مرکزی کرداروں میں شامل تھے۔
یہ فلم اس وقت بھوجپوری سنیما کے شائقین کے لیے خاص کشش رکھتی تھی کیونکہ اس میں پہلی بار بالی ووڈ کے میگا اسٹارز نے بھوجپوری فلم میں اہم کردار ادا کیے۔