Aaj Logo

شائع 25 ستمبر 2025 05:50pm

دہشتگردوں کیخلاف سخت آپریشن کی ضرورت ہے، ریاست کی رٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے: سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن کی ضرورت ہے، ریاست کی رٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے، ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا پھر بھی ہم نے مذاکرات کی کوشش کی، جو لوگ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں آنا چاہتے ہیں، ان کے لیے دروازے کھلے ہیں لیکن جو ریاست سے جنگ کریں گے، انہیں کسی رعایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، دہشت گردوں کو بھارت سے فنڈنگ اور افغانستان میں پناہ ملتی ہے، ایک پروفیسر نے دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا، دہشت گردوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جاسکتی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیزی سے جاری ہیں، بلوچستان میں امن و امان کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا کہ حالیہ کارروائی میں دہشت گرد زبیر عرف شاہ جی اور نثار مارے گئے جب کہ جہانزیب نے سرنڈر کر کے خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل ایک پروفیسر اور وکیل سمیت کئی افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ کچھ عرصہ قبل ایک پروفیسر کو گرفتار کیا گیا، پروفیسر نے دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا، دہشت گرد کو پیشے کی نظر سے دیکھنا درست نہیں، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے، دہشت گردوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جاسکتی، ایک ایڈووکیٹ کی نگرانی کی گئی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کو اکٹھا کیا جارہا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی را اس میں براہ راست ملوث ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور کوئی پیشہ نہیں ہوتا، ان کا مقصد صرف پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، دہشت گرد چینی شہریوں اور منصوبوں کی نقل و حرکت کو مانیٹر کر رہے تھے لیکن سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حکومت نے کئی بار مذاکرات کی پیشکش کی، مگر جو لوگ بندوق اٹھا کر ریاست کے خلاف ہیں وہ پاکستان کو توڑنے کے ایجنڈے پر ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر محرومیاں ہیں تو مزدوروں کو کیوں قتل کیا جاتا ہے؟ ڈاکٹر ماہرنگ کے احتجاج کے دوران سڑکیں بند کر دی جاتی ہیں، کیا ہائی کورٹ نے سڑکیں بند کرنے کے خلاف حکم نہیں دیا؟ دنیا میں کوئی بھی حکومت ہتھیار اٹھانے والوں کو اجازت نہیں دیتی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اس سال فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیٹلائیٹ امیجز کے ذریعے آپریشنز کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جائے گا، جیسے ٹی ٹی پی کے لوگوں کو چھوڑا گیا ویسے ہی بلوچستان میں بھی لوگوں کو موقع دیا گیا تاکہ وہ قومی دھارے میں واپس آئیں۔

Read Comments