Aaj Logo

شائع 25 ستمبر 2025 02:58pm

کیا روٹی پر گھی لگانا شوگر اور موٹاپا بڑھاتا ہے؟

آج کل سوشل میڈیا اور عام محفلوں میں یہ بحث عام ہے کہ روٹی پر گھی لگانے سے چربی بڑھتی ہے، شوگر کا لیول اوپر جاتا ہے اور صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔ کچھ لوگ تو یہ تک کہتے ہیں کہ اگر ہم گھی کا استعمال جاری رکھیں تو لوگ پچاس سال سے زیادہ عمر نہیں جی پائیں گے۔ لیکن کیا یہ بات حقیقت ہے یا صرف ایک غلط فہمی؟ اس سوال کا جواب ماہر غذائیت نے دیا ہے۔

دیسی گھی کوسپرفوڈ کیوں کہا جاتا ہے؟

غذائی ماہرین کے مطابق دیسی گھی ایک سپرفوڈ ہے جس میں وٹامنزاے، ڈی، ای اور کے کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بھی شامل ہوتے ہیں، جو دماغی صحت اور دل کے لیے بے حد فائدہ مند ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گھی ایک ایسی صحت مند چربی ہے جو جلد ہضم ہو جاتا ہے اور فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔

زہریلے مادوں سے بچنے کے لیے نان اسٹک پین میں کھانا پکانے کا درست طریقہ

روٹی پر گھی لگانے کے فائدے

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر آپ روٹی پر تھوڑی سی مقدار میں گھی لگاتے ہیں تو اس سے کھانے کا گلیسیمک انڈیکس کم ہو جاتا ہے، یعنی خون میں شکر کی سطح تیزی سے نہیں بڑھتی۔

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ گھی کھانے سے موٹاپا بڑھ جاتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک بڑا مغالطہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ دن میں صرف 2 سے 3 چائے کے چمچ گھی کھاتے ہیں تو یہ نہ صرف آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے بلکہ آپ کا میٹابولزم بھی تیز کرتا ہے، جو وزن کم کرنے میں مددگار ہے۔ البتہ، ضرورت سے زیادہ مقدار میں گھی کھانے سے جسم میں چربی جمع ہو سکتی ہے، اس لیے اعتدال لازمی ہے۔

بھنڈی پکاتے وقت چپچپا اور لیس دار ہونے سے بچانے کے 7 زبردست ٹوٹکے

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گھی جیسی غذائیں جسم کو بعض ضروری وٹامنز اور منرلز جذب کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ خاص طور پر جب سبزیاں یا صحت بخش کھانے گھی کے ساتھ پکائے جائیں تو ان کے غذائی اجزا زیادہ بہتر طریقے سے جسم میں جذب ہوتے ہیں۔

استعمال کا صحیح طریقہ

ماہر غذائیت کے مطابق گھی کو کھانے کے بعد شامل کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔ مثال کے طور پر روٹی پر ہلکا سا گھی لگائیں۔ دال یا سبزی میں تھوڑا سا شامل کریں۔ چاول پر ایک چمچ ڈال لیں۔

یہ عادات نہ صرف کھانے کو مزید ذائقہ دار بنائیں گی بلکہ آپ کے کھانے کو متوازن بھی کریں گی۔

ماہرین کے مطابق، روٹی پر تھوڑا سا گھی لگانا نہ تو نقصان دہ ہے اور نہ ہی یہ شوگر یا موٹاپا بڑھاتا ہے، بلکہ یہ صحت مند طریقے سے کھایا جائے تو توانائی، ہاضمہ اور میٹابولزم سب بہتر کرتا ہے۔

بس یاد رکھیں، ہر چیز کی طرح گھی کا استعمال بھی اعتدال میں کریں۔

Read Comments