Aaj Logo

شائع 24 ستمبر 2025 03:29pm

ایمریٹس میں سفر کرنے والوں کے لیے نیا ضابطہ متعارف

امارات ایئرلائنز نے اپنے مسافروں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ پاور بینک کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط یکم اکتوبر 2025 سے نافذالعمل ہوں گے۔ ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد پرواز کے دوران کسی بھی قسم کے پاور بینک کا استعمال یا چارجنگ سختی سے ممنوع ہوگی۔

ایئرلائن کے مطابق ہر مسافر کو صرف ایک پاور بینک ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی جس کی گنجائش زیادہ سے زیادہ 100 واٹ آور ہونی چاہیے اور اس پر گنجائش واضح درج ہونا لازمی ہے۔

پاور بینک کو صرف ہینڈ کیری بیگ میں رکھا جا سکتا ہے، اور یہ نشست کے نیچے یا سیٹ پاکٹ میں رکھنا ہوگا، جبکہ اوور ہیڈ لاکرز میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ، چیک اِن بیگیج میں پاور بینک رکھنا پہلے ہی ممنوع ہے۔

اتنے سخت اقدامات کیوں؟ …. ایئرلائن نے وضاحت کی کہ یہ اقدام حفاظتی جائزے کے بعد اٹھایا گیا ہے کیونکہ پاور بینکس میں اگر زیادہ چارجنگ ہو جائے یا وہ خراب ہو جائیں تو آگ لگنے، دھماکے یا زہریلی گیس خارج ہونے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس عمل کو ’تھرمل رن اوے‘ کہا جاتا ہے جس میں بیٹری کا درجہ حرارت اتنی تیزی سے بڑھتا ہے کہ وہ خود کو ٹھنڈا نہیں رکھ پاتی اور نتیجتاً خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

الیکٹرانک ڈیوائسز کے دیگر اصول

امارات ایئرلائنز نے اس سے قبل مسافروں کو ’ذاتی الیکٹرانک ڈیوائسز‘ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا تھا۔ہر مسافر زیادہ سے زیادہ 15 الیکٹرانک ڈیوائسز اپنے ساتھ لے جا سکتا ہے۔ یہ ڈیوائسز الگ الگ پیک ہونی چاہئیں اور کسی دوسری چیز سے منسلک نہیں ہونی چاہئیں، بصورت دیگر انہیں ضبط کیا جا سکتا ہے۔

بڑے لیتھیم بیٹری والے موٹرائزڈ آلات جیسے اسمارٹ بیگ، ہوور بورڈز اور منی سیگ ویز پر مکمل پابندی ہے عائد ہے اور یہ نہ تو چیک اِن بیگیج میں رکھے جا سکتے ہیں اور نہ ہی کیبن بیگیج میں۔

اتحاد ایئرویز کی وضاحت

ادھر اتحاد ایئرویز نے بھی مسافروں کے سوالات کے جواب میں وضاحت دی ہے کہ لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، ای ریڈر، موبائل فون، میڈیکل ڈیوائسز اور بلوٹوتھ اسپیکرز سمیت زیادہ سے زیادہ 15 الیکٹرانک ڈیوائسز سفر کے دوران ساتھ لے جانے کی اجازت ہے۔ تاہم اگر کوئی ڈیوائس چیک اِن بیگیج میں رکھی جائے تو اسے مکمل طور پر بند ہونا چاہیے اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

اسپئیر بیٹریاں، پاور بینکس اور ای سگریٹ کسی صورت بھی چیک اِن بیگیج میں رکھنے کی اجازت نہیں۔ اتحاد ایئرویز نے مشورہ دیا ہے کہ قیمتی یا نازک الیکٹرانکس ہمراہ کیبن بیگیج میں رکھے جائیں۔

کسی بھی فضائی سفر سے پہلے مسافروں کو اپنے سفر سے قبل ائیرلائن کی آفیشل ویب سائٹ پرتمام پالیسیز اور بیگیج پالیسی ضرور چیک کرنا چاہیے تاکہ بلکل تازہ اپ ڈیٹس مل جائیں اور دورانِ سفر کسی بھی پریشانی سے محفوظ رہا جائے اور سفر پرسکون اور خوشگوار ہو۔

Read Comments