Aaj Logo

شائع 24 ستمبر 2025 10:57am

بولی وُڈ کے معروف ہیئر اسٹائلسٹ کے خلاف 150 لوگوں کو دھوکہ دینے کا مقدمہ

بھارتی پولیس نے بولی ووڈ کے معروف ہئیر اسٹائلسٹ جاوید حبیب، ان کے بیٹے انس حبیب اور تین دیگر افراد کے خلاف کرپٹو کرنسی اسکیم کے ذریعے ڈیڑھ سو سے زائد شہریوں کو دھوکا دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے “فولیکل گلوبل کمپنی(ایف ایل سی) “ کے نام سے سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ اگر وہ بٹ کوائن اور بائنانس کوائن میں سرمایہ لگائیں تو انہیں 50 سے 75 فیصد تک منافع ہوگا۔ اس مقصد کے لیے سنبھل کے علاقے سرایاترین کے رائل پیلس بینکوئٹ ہال میں ایک پرگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

سرمایہ کاروں نے بتایا کہ انہوں نے بڑی رقم کمپنی کے اکاؤنٹس میں منتقل کی، مگر جب منافع یا اصل رقم واپس مانگی گئی تو اچانک کمپنی کو بند کر دیا گیا اور ملزمان روپوش ہوگئے۔ شکایت درج کرانے والوں میں محمد ہلال، ریحان، امان، مجید حسین اور محمد نعیم سمیت کئی افراد شامل ہیں۔

ایس پی کے کے بشنوی کے مطابق متاثرین نے پولیس سے رجوع کیا اور الزام لگایا کہ جاوید حبیب، انس حبیب اور دیگر ساتھیوں نے لاکھوں روپے کا فراڈ کیا۔ تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے سرمایہ کاروں کو غیر حقیقی منافع کے جھانسے میں ڈال کر بھاری نقصان پہنچایا۔

مزید تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ایس پی آلوک بھاٹی کو معاملہ سونپ دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق رقوم ایک ایسے بینک اکاؤنٹ میں بھیجی گئیں جو سیف الحق نامی شخص کے زیرِ استعمال تھا، جو خود کو کمپنی کا ڈائریکٹر ظاہر کرتا ہے۔

یہ مبینہ فراڈ سال 2023 میں شروع ہوا جب جاوید حبیب اور ان کے ساتھیوں نے عوام کو سرمایہ کاری پر ’یقینی منافع‘ کا خواب دکھایا۔ درجنوں افراد ان کے جھانسے میں آکر لاکھوں روپے لگا بیٹھے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Read Comments