Aaj Logo

شائع 23 ستمبر 2025 11:38pm

ایشیا کپ سپر فور: سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست، پاکستان کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن

ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے، جس کے بعد قومی ٹیم کا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زاہد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے تیسرے مقابلے میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

پاکستان کی دعوت پر سری لنکا کی جانب سے پیتھم نسانکا اور کوشال مینڈس نے اننگ کا آغاز کیا تاہم قومی بولرز نے سری لنکن بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری اننگز میں سخت دباؤ برقرار رکھا۔

کوشال مینڈس ایک رن کے مجموعی اسکور پر بغیر کھاتہ کھولے ہی شاہین آفریدی کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، 18 رنز کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی دوسری وکٹ گر گئی جب پیتھم نسانکا میچ کے تیسرے اوور میں شاہین کی گیند پر ہی 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نئے آنے والے بلے باز کوشال پریرا اور کپتان اسالنکا نے اننگ آگے بڑھائی تاہم 43 رنز کے مجموعی سکور پر کوشال پریرا بھی 15 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد حارث کوکیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکن ٹیم کا سکور 58 پر پہنچا تو یکے بعد دو وکٹیں گر گئیں، ایک موقع پر پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز پر سری لنکا کے 6 بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا تھا۔ 80 کے مجموعے پر 6 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے باوجود لنکن بیٹرز نے پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا۔

ایسے میں کامندو مینڈس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور مشکل وقت میں شاندار ففٹی اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے میں اضافے کو ممکن بنایا، انہوں نے 44 گیندوں پر عمدہ 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

سری لنکن کپتان اسالنکا 20 جب کہ داشن شناکا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، وانندو ہاسارنگا بھی 15 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بن گئے جب کہ کامنڈو مینڈس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کے دشمانتھا چمیرا نے ایک رن بنا کر ہی پویلین کی راہ لی جب کہ چمیکا کرونارٹنے نے 21 گیندوں پر 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2،2 شکار کیے جب کہ ابرار احمد نے اپنے 4 اوورز میں صرف 8 رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔

یوں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز اسکور کیے اور جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

سری لنکا کے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کے اوپنرز نے 45 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جس کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یکے بعد دیگرے وقفے وقفے سے گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک موقع پر 80 رنز کے مجموعی اسکور 5 پر کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 47، صائم ایوب 2 اور کپتان سلمان علی آغا 5 رنز اور محمد حارث 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

5 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور محمد نواز نے ناقابل شکست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

محمد نواز نے 24 گیندوں پر 38 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے جبکہ حسین طلعت نے 30 گیندوں پر 32 رنز کی باری کھیلی اور اس دوران 4 بار گیند کو باونڈری لائن کے پار پہنچایا۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا اور مہیش ٹھیکشانا نے 2، 2 جب کہ دشمانتا چمیرا نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس طرح پاکستان نے 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز پورے کرکے میچ اپنے نام کیا۔

میچ کا ٹاس

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے اور سری لنکن بیٹنگ لائن کو ابتدائی اوورز میں دباؤ میں لانے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔

ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھارت کے خلاف اننگز کے دوسرے حصے میں بیٹنگ اچھی نہیں کی، یہ نیا گیم ہے وہ ماضی کے متعلق نہیں سوچ رہے۔

سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔

پاکستان نے آج کے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

پاکستان کے خلاف اہم مقابلے کے لیے سری لنکن اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کامل مشہارا او دونتھ ویلا لاگے کی جگہ مہیش تھکشانا اور چمیکا کرونا رتنے کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

قومی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، حسین طلعت اور محمد نواز شامل ہیں، فہیم اشرف ، محمد حارث ، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکن ٹیم کی قیادت چریتھ اسالانکا کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں پاتھم نیسانکا، کوسال مینڈس، کوسال پریرا، داسن شناکا ٹیم میں شامل ہیں، کامیندو مینڈس، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھکشانا، وانندو ہاسارنگا، دشمانتھا چمیرا اور نوان توشارا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے کیوں کہ سپر4 مرحلے میں فتح ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کے امکانات کو مضبوط کرے گی۔ شائقین کرکٹ کی نظریں خاص طور پر پاکستانی بولنگ اٹیک اور سری لنکن بلے بازوں کی کارکردگی پر جمی ہوئی ہیں۔

ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی امیدوں کا زندہ رکھنے کے لیے گرین شرٹس اور لنکن ٹائیگرز کو اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ہوں گے تاہم کسی ایک میچ میں بھی شکست کی صورت میں اگر مگر کا کھیل شروع ہو جائے گا یا ایونٹ میں اس کا سفر تمام ہو جائے گا۔

سپر فور مرحلے میں موجود چاروں ٹیموں کے پاس فائنل میں کوالیفائی کرنے کا موقع ہے، کوئی بھی ٹیم ایک میچ کی کامیابی پر بھی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔

ریکارڈز کے مطابق پاکستان نے ابوظہبی میں 9 میں سے 7 ٹی 20 میچ جیت رکھے ہیں جن میں 3 کامیابیاں سری لنکا کے خلاف ہیں۔ تاہم سری لنکا نے اسی میدان پر حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست دی ہے اور کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

تمام تر عوامل کو دیکھتے ہوئے آج کا یہ میچ نہایت سنسنی خیز ہونے کا امکان ہے اور یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کی ایشیا کپ فائنل تک رسائی کا فیصلہ بھی کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، گرین شرٹس کو بھارتی ٹیم نے 6 وکٹوں سے ہرایا جب کہ بنگلادیش نے دلچسپ مقابلے بعد سری لنکا کو 4 وکٹ سے شکست دی تھی۔

Read Comments