Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2025 02:27pm

آریان خان کی ویب سیریز تنازع کا شکار ، بالی وڈ کے مشہور ستاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ویب سیریز “دی بیڈز آف بالی ووڈ’ نے ریلیز کے ساتھ ہی سب کی توجہ حاصل کر لی، لیکن اس کے ساتھ ہی ایک نیا تنازع بھی کھڑا ہو گیا ہے۔

یہ ویب سیریز گزشتہ دنوں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی جو 7 اقساط پر مشتمل ہے۔ اسے آریان خان نے خود لکھا اور ڈائریکٹ کیا ہے۔ جبکہ پروڈکشن کا کام شاہ رخ کی اہلیہ اور آریان کی والدہ گوری خان نے سنبھالا۔

ناظرین اور ناقدین دونوں کی جانب سے سیریز کو کافی پسند کیا جا رہا ہے اور زیادہ تر ریویوز مثبت ہیں، تاہم رنبیر کپور کے ایک سین نے تنازع کھڑا کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن ( این ایچ آر ایس) نے ممبئی پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ رنبیر کپور، شاہ رخ خان اور گوری خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز، اور نیٹ فلکس کے خلاف مقدمہ درج کرے، کیونکہ ویب سیریز کے ایک سین میں رنبیر کپور کو ویپنگ کرتے دکھایا گیا۔

مزید یہ کہ ممبئی پولیس کمشنر کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ پروبیشن آف الیکٹرانک سگریٹس ایکٹ کی خلاف ورزی پر رنبیر کپور، شو کے پروڈیوسرز اور نیٹ فلکس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

اس شو میں 21 مشہور شخصیات کے کیمرہ اپیئرنس شامل ہیں، جن میں رنبیر کپور کے علاوہ رنویر سنگھ، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، عمران ہاشمی، ارشد وارثی، دیشا پٹانی، ارجن کپور، راج کمار راؤ اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں میں لکشیا، بوبی دیول، راگھو جویا، مونا سنگھ، ساحر بمبا اور آنیا سنگھ شامل ہیں۔

یہ ویب سیریز اپنی شاندار کیمیا، مشہور اداکاروں کے کیمئو اور مزاحیہ مناظر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی ہے، ریلیز کے چند دنوں کے اندر ہی نیٹ فلکس پر بھارت میں نمبر 1 پر پہنچ گئی ہے۔

ناظرین اور ناقدین سیریز کی تعریف کر رہے ہیں کہ کس طرح اس میں بالی وڈ کی نیپوٹزم، اندرونی سیاست، اور اسٹارز کی کیمرہ اپیئرنسز کو تیز اور خود آگاہ انداز میں مزاح کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ لیکن اس تنازع نے شو کی شہرت کے ساتھ ساتھ اس پر قانونی اور سماجی بحث بھی شروع کر دی ہے۔

آریان خان اور پروڈیوسرز کی جانب سے اس معاملے پر ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم شائقین اور ناقدین اس شو کے متنازع مناظر پر الگ الگ رائے رکھتے ہیں اور یہ تنازع اب بالی وڈ میں ایک اہم موضوع بحث بن گیا ہے۔

Read Comments