Aaj Logo

شائع 23 ستمبر 2025 12:07pm

جسم میں پانی کی کمی دور کرنے والا نیا سوشل میڈیا ٹرینڈ ’لوڈِڈ واٹر‘ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر ایک نیا مشروب تیزی سے مقبول ہو رہا ہے“لوڈڈ واٹر“ ۔ ٹک ٹاک، انسٹاگرام ریلزاور دیگر پلیٹ فارمز پر لوگ رنگین جگ میں تازہ پھل، جڑی بوٹیاں اور کبھی کبھار تھوڑا سا اسپارکلنگ پانی ڈال کر اپنے پانی کو مزیدار اور دلکش بنا رہے ہیں۔

نیو یارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، لوڈد واٹرعام یا سپارکلنگ پانی ہوتا ہے جس میں ذائقہ اور غذائیت بڑھانے کے لیے اضافی اجزاء شامل کیے جاتے ہیں۔ اس میں پھل، جڑی بوٹیاں، ناریل پانی، الیکٹرولائٹ پاؤڈر یا حتیٰ کہ پری بایوٹک اجزاء بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

کچھ ترکیبیں سادہ ہوتی ہیں، جیسے لیموں اور پودینے کا امتزاج، جبکہ کچھ میں تربوز، سنگترہ اور تھوڑا سا اسپارکلنگ پانی ملا کر زیادہ پیچیدہ ذائقہ بنایا جاتا ہے۔

لوگوں کے نزدیک لوڈڈ واٹر کے چند اہم فوائد یہ ہیں۔

مزیدار ہائیڈریشن: پانی پینے کو دلچسپ بناتا ہے، جس سے لوگ زیادہ پانی پیتے ہیں۔

کم کیلوری والا مشروب: سافٹ ڈرنکس یا جوس کے مقابلے میں کم کیلوریز اور کم شوگر ہے۔

غذائی اضافہ: تازہ پھل وٹامن فراہم کرتے ہیں اور بعض ترکیبوں میں ورزش کے بعد کی بحالی کے لیے الیکٹرولائٹس بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

ہاضمہ میں مددگار: کچھ ترکیبوں میں پری بایوٹک اجزاء شامل کیے جاتے ہیں جو معدے کی صحت کے لیے مفید ہیں۔

گھر پر لوڈد واٹر بنانے کا آسان طریقہ

سوشل میڈیا پر بے شمار ترکیبیں موجود ہیں جو دعویٰ کرتی ہیں کہ یہ مشروب توانائی بڑھانے، تازگی دینے اور ہاضمے کی مدد کرنے میں مددگار ہے۔

گھر پر لوڈد واٹر تیار کرنا آسان اور مزے دار ہے۔

فلٹر شدہ یا ٹھنڈا کیا ہوا پانی لیں۔ چاہیں تو اینٹی آکسیڈنٹ کے لیے ڈی کیفین گرین ٹی بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

اپنے پسندیدہ پھل منتخب کریں جیسے تربوز، لیموں، سنگترہ یا دیگر ترش پھل۔ منجمد پھل بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

پھل اور جڑی بوٹیاں کاٹ کر جگ میں ڈالیں۔ پودینہ، تلسی یا روزمیری خوشبو اور ذائقہ بڑھاتے ہیں۔

جگ کو فریج میں 2–4 گھنٹے رکھیں تاکہ ذائقہ جذب ہو جائے۔ مضبوط ذائقے کے لیے رات بھر رکھنا بہتر ہے۔

پینے سے پہلے پانی کو چھان لیں تاکہ پھل یا جڑی بوٹیاں کڑوی یا نرم نہ ہو جائیں۔

جگ کو بند رکھیں اور 2–3 دن کے اندر پانی استعمال کریں۔

یہ مشروب ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو دن بھر ہائیڈریٹ رہنا چاہتے ہیں لیکن عام طور پر سادہ پانی کم پیتے ہیں۔ لوڈڈ واٹرنہ صرف آسان اور مزیدار ہے بلکہ رنگین اور تازگی بخش بھی ہے۔

Read Comments