پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا کی مقبول ترین اسٹارہانیہ عامر نے اپنے پہلے دورہ ڈھاکہ کی ایک تقریب میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان پر بنگلہ دیشی سپراسٹار شکیب خان کو ترجیح دیتے ہوئے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
ہانیہ عامر ان دنوں بنگلہ دیش میں موجود ہیں، جہاں وہ برانڈ ایونٹس اور مداحوں کے ساتھ ملاقاتوں میں شریک ہو رہی ہیں۔ ان کی یہ موجودگی شائقین کے لیے خوشگوار حیرت اور جوش و خروش کا باعث بن رہی ہے۔
ڈھاکہ کی ایک ایسی ہی شاندار اور جگمگاتی تقریب میں ہانیہ عامر کے دلچسپ جواب نے محفل کا رنگ دوبالا کر دیا۔ دورانِ تقریب منتظمین نے بڑی اسکرین پر بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان اور ڈھالی ووڈ کے سپر اسٹار شکیب خان کی جھلکیاں دکھائیں۔
اسی موقع پر میزبان نے ہانیہ سے سوال کیا، ’اگر آپ کو ان دونوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہو تو آپ کس کو چُنیں گی؟‘
چند لمحوں کے لیے ماحول میں تجسس اور جوش چھا گیا۔ اگرچہ مجمع میں کئی لوگ شاہ رُخ خان کا نام لے رہے تھے، لیکن ہانیہ عامر نے اعتماد سے شکیب خان کا نام لیا، نام سنتے ہی پورا ہال تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔
شکیب خان بنگلہ دیش کے مشہور اداکار ہیں اور اپنی شاندار فین فالوونگ رکھتے ہیں۔
انتخاب کے فوراً بعد ہانیہ نے وضاحت کی ، ’مجھے لگتا ہے کہ آپ سب کو شکیب خان زیادہ پسند ہیں۔‘
اس جواب نے یہ واضح کر دیا کہ انہوں نے فیصلہ مداحوں کی پسند کا احترام کرتے ہوئے کیا، نہ کہ کسی ذاتی ترجیح کی بنیاد پر۔
تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے کہا کہ ہانیہ نے یہ جواب صرف بنگلہ دیشی مداحوں کو خوش کرنے کے لیے دیا، جبکہ کچھ ان کی ذاتی پسند جاننے کے خواہش مند رہے۔
بنگلہ دیشی مداحوں نے کہا کہ ہانیہ نے دل جیت لیے اور یہ ظاہر کیا کہ وہ اپنے میزبان ملک کی عزت افزائی کرنا جانتی ہیں۔
بھارتی صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رُخ خان ایک عالمی لیجنڈ ہیں، اس لیے ہانیہ کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے تھا۔
پاکستانی فینز نے ہانیہ کی حاضر جوابی اور دوستانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتی ہیں سب کو متاثر کر دیتی ہیں۔