ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر اپنے اخلاقی گراوٹ اور دیوالیہ پن کا عملی مظاہرہ کیا۔ میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا اور ڈریسنگ روم واپس چلے گئے، جس کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر نے کھلاڑیوں کو واپس بلایا اور میچ آفیشلز سے ہاتھ ملانے کا کہا۔
بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان ہاتھ ملانے کا تنازع ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود ختم نہ ہو سکا اور سپر فور مرحلے کے میچ کے بعد یہ معاملہ مزید سنگین ہو گیا۔
اس بار توجہ کھلاڑیوں یا میچ آفیشلز پر نہیں بلکہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پر مرکوز رہی، جنہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ صرف امپائرز سے ہاتھ ملائیں اور پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کریں۔
ٹاس کے دوران ہی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا اور براہِ راست پریزینٹر روی شاستری کی جانب بڑھ گئے۔ اس کے بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے ہاتھ ملایا۔
میچ کے اختتام پر بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا۔ تلک ورما اور ہاردک پانڈیا جنہوں نے بھارت کو 7 گیندیں قبل فتح دلائی، سیدھے ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گوتم گمبھیر نے بھارتی کھلاڑیوں کو میچ کے بعد ڈریسنگ روم سے بلایا اور گراؤنڈ میں میچ آفیشلز سے ہاتھ ملانے کا کہا۔ بظاہر شرط یہ رکھی گئی کہ ہاتھ صرف میچ آفیشلز سے ملائے جائیں گے۔
جس کے بعد بھارتی کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے قریب گئے لیکن ہاتھ صرف امپائرز سے ملایا اور واپس لوٹ گئے، جس پر پاکستانی کھلاڑی حیران رہ گئے۔
بعد ازاں بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے انسٹاگرام پر ابھیشیک شرما، شبمن گل اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک لفظی کیپشن دیا: ”Fearless“ (بے خوف)۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے 172 رنز کے ہدف کا تعاقب اوپنرز شبمن گل (47) اور ابھیشیک شرما (74) کی شاندار شراکت سے کیا۔ دونوں نے صرف 59 گیندوں پر 105 رنز جوڑ کر پاکستانی بولرز کو بے بس کر دیا اور مڈل آرڈر پر دباؤ ختم کیا اور میچ باآسانی 6 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان ٹیم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ”بھارت پاکستان میچ کو رائیولری کہنا اب درست نہیں۔ رائیولری تب ہوتی ہے جب دونوں ٹیمیں 15-20 میچ کھیلیں اور جیت کا فرق 8-7 جیسا ہو۔ یہ تو یکطرفہ ہے، 3-0 یا 10-1 جیسی صورت حال کو رائیولری نہیں کہا جا سکتا۔“
سوریا کمار یادیو نے بلے باز ابھیشیک شرما کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ اوپنر شبمن گل کے ساتھ ان کی جوڑی ”آگ اور برف کا امتزاج“ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”کھلاڑی جس انداز میں ہر میچ میں آگے بڑھ کر ذمہ داری نبھا رہے ہیں، اس سے میرا کام آسان ہو گیا ہے۔ ابتدائی 10 اوورز کے بعد لڑکوں نے بہترین حوصلہ دکھایا اور پرسکون انداز میں میچ کو کنٹرول کیا۔“
پاکستان پر ایک اور برتری حاصل کرنے کے بعد بھارت بدھ کو اسی میدان میں بنگلہ دیش سے ٹکرائے گا جب کہ سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان منگل کو ابوظہبی میں سری لنکا کا مقابلہ کرے گا۔ بھارت اگر بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو وہ فائنل میں جگہ بنانے کے قریب پہنچ جائے گا جب کہ پاکستان اپنے اگلے میچ میں بقا کی جنگ لڑے گا۔
اس سے قبل سپر فور مرحلے کے افتتاحی میچ میں ہفتے کو بنگلہ دیش نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سپر فور کی ٹاپ دو ٹیمیں 28 ستمبر کو دبئی میں فائنل کھیلیں گی۔