شائع 21 ستمبر 2025 11:32am

سوشل میڈیا کا نیا جنون ’ریوینج سیونگ‘، تنخواہ پورے مہینے چلانے کا زبردست طریقہ

سوشل میڈیا پر ایک نیا ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہورہا ہے جسے ’’ریوینج سیونگ‘‘ کہا جارہا ہے۔ اس ٹرینڈ کے زریعے لوگ اپنا پیسہ خرچ کرنے کے بجائے بچانے لگے ہیں اور اس سے انہیں کافی مالی فائدہ بھی ہوا ہے۔

”ریوینج سیونگ“ یعنی انتقامی بچت سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے، جس میں لوگ بجٹ بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف بچت چیلنجز کا حصہ بھی بنتے ہیں۔ اس میں صرف عام اخراجات کم نہیں کیے جاتے بلکہ خرچ کرنے سے گریز کو ضد بنا لیا جاتا ہے۔

’’نو بائے چیلنج‘‘ اس کا سب سے مشہور حصہ ہے، جس میں لوگ مہینوں تک ضرورت سے زیادہ کچھ نہیں خریدتے اور گھر میں موجود سامان کو استعمال کرنے پر زور دیتے ہیں۔ کچھ لوگ تو اپنی پرانی چیزیں بیچنے کے بعد ہی نئی چیز خریدتے ہیں۔

گھریلو خواتین گھر کے لیے مالی منصوبہ بندی کس طرح کر سکتی ہیں

ریڈٹ پر ’’نو بائے‘‘ نامی تھریڈ میں صارفین اپنے تجربات اور بچائی گئی رقوم کا حساب شیئر کرتے ہیں۔ کچھ شرکا ہر تنخواہ ملتے ہی سب سے پہلے اپنی بچت الگ کردیتے ہیں، حتیٰ کہ کرایہ یا بل ادا کرنے سے بھی پہلے۔

ایک دلچسپ کھیل ’’ون پینی چیلنج‘‘ بھی ہے۔ سال کے پہلے دن صرف ایک پینی یا پاکستانی زبان میں کہیں تو ایک روپیہ بچایا جاتا ہے، دوسرے دن دو، تیسرے دن تین، یعنی اگر روزانہ رقم ایک ایک بڑھاتے جائیں تو سال کے آخر تک 66 ہزار 795 روپے اکٹھے ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان سب سے پہلے چین میں سوشل میڈیا پر سامنے آیا، پھر امریکا میں پہنچا اور اب برطانیہ میں دھوم مچا رہا ہے۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگر آپ ریوینج سیونگ کر رہے ہیں تو یہ رقوم کسی اچھے ہائی انٹرسٹ اکاؤنٹ میں جمع کریں ورنہ مہنگائی آپ کی ساری محنت ضائع کرسکتی ہے۔

یعنی جہاں دنیا خرچ کرنے کے نئے بہانے ڈھونڈتی ہے، وہاں نہ خرچ کرنے کی ’’ضد‘‘ آپ کی جیب پر کافی فرق ڈال دے گی۔

Read Comments