ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایک بار پھر پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا
ہاتھ ملانے سے منع کرنے کے تنازع کے بعد ایک بار پھر پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا۔
ہاتھ ملانے سے منع کرنے کے تنازع کے بعد ایک بار پھر پاک بھارت ٹیمیں ایشیا کپ میں آمنے سامنے آئیں گی، وہی ٹیمیں، وہی میدان اور وہی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے، دونوں ٹیمیں آج سپر فور مرحلے میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ 14 ستمبر کو گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف حکمت عملی طے کر لی، آج میچ میں پلیئنگ الیون میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے کل شام 4 بجے ہوٹل میں پلئینگ الیون کے حوالے سے میٹنگ کی، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے صائم ایوب کے بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے پر بات کی۔
صائم ایوب کو اوپننگ سے ہٹا کر نمبر چار پر بیٹنگ کروائے جانے کا امکان ہے، حسن نواز کو ڈراپ کرتے ہوئے حسین طلعت کو پلیئنگ الیون میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ بولنگ میں شاہین اور حارث کو ہی رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور مرحلے کے میچ سے قبل محسن نقوی نے پاکستانی ٹیم کے پلیئرز سے ملاقات کی۔
چیئرمین پی سی بی نے اس بارے میں کہا کہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کےلیے گیا تھا، پلیئرز اور مینجمنٹ سے ملاقات بہت ہی اچھی رہی۔
انہوں نے کہا کہ اہم میچز سے قبل کھلاڑیوں کاحوصلہ بڑھایا ہے، پر امید اور دعا گو ہوں کہ آئندہ میچز میں ٹیم بہت اچھا کھیلے گی۔