Aaj Logo

شائع 20 ستمبر 2025 12:37pm

اسٹونیا کا روس پر 12 منٹ تک اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام، روسی حکام کی تردید

اسٹونیا نے روس پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے نیٹو رکن ممالک سے آرٹیکل 4 کے تحت ہنگامی مشاورت کی درخواست کر دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق روس کے تین MiG-31 لڑاکا طیاروں نے جمعہ کے روز اسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

ایسٹونین حکومت کے مطابق روسی طیارے خلیج فن لینڈ کے اوپر بغیر اجازت داخل ہوئے اور کل 12 منٹ تک اسٹونیا کی فضائی حدود میں گھومتے رہے۔

اسٹونیا کے وزیر دفاع نے سوشل میڈیا پیٹ فارم ایکس پر اس حوالے پوسٹ میں لکھا کہ حکومت نے نیٹو آرٹیکل 4 کے مطابق اتحادیوں کے درمیان مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب روسی بمبار طیاروں نے ایک بار پھر ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

واقعے کے فوری بعد نیٹو کے مشرقی بازو کو مضبوط کرنے کے مشن کے تحت اٹلی، فن لینڈ، اور سویڈن نے فوری طور پر اپنے جنگی طیارے فضا میں بھیجے۔ نیٹو کے ترجمان نے اس واقعے کو روس کی غیر ذمہ دارانہ جارحیت“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ روسی رویے کی ایک اور خطرناک مثال ہے، اور نیٹو کے ردِعمل کی صلاحیت کا واضح ثبوت بھی ہے۔

نیٹو کے آرٹیکل 4 کے تحت کسی بھی رکن ملک کی سلامتی، خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو خطرہ لاحق ہو تو وہ 32 رکنی اتحاد سے فوری مشاورت کا مطالبہ کر سکتا ہے۔

رواں ماہ میں دوسری بار ایسا ہوا ہے کہ کسی نیٹو ملک نے آرٹیکل 4 کا حوالہ دیا ہو اس سے قبل پولینڈ نے 10 ستمبر کو ایسا کیا تھا، جب روسی ڈرون اس کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

اسٹونیا کے وزیراعظم کرسٹن میخال نے روسی اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ 3 روسی Mig-31 لڑاکا طیارے اسٹونین کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ جس کے بعد نیٹو کے جنگجوؤں نے بھرپور جواب دیا اور روسی طیارے بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ایسی خلاف ورزی بالکل ناقابل قبول ہے۔ ایسٹونیا کی حکومت نے نیٹو کے آرٹیکل 4 سے مشاورت کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسٹونین حکام کا کہنا ہے کہ 2025 میں یہ پانچواں موقع ہے کہ روسی طیاروں نے ان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

تاہم روسی وزارتِ دفاع نے اسٹونیا کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ردعمل ظاہر کیا ہے کہ ہمارے طیارے ایک شیڈول پرواز پر تھے اور بین الاقوامی فضائی قوانین کی مکمل پاسداری کر رہے تھے۔ کسی بھی ریاست کی سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے، جو کہ غیر جانبدار نگرانی کے نظام سے بھی ثابت ہوتا ہے۔

روسی وزارت دفاع نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹونیا کے جزیرے سے 3 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر طیاروں نے پرواز کی ہے۔

Read Comments