Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2025 01:06pm

سعودی عرب سے دفاعی معاہدے کے بعد حوثیوں کی پاکستان کو دھمکی، بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 16 ستمبر 2025 کو ریاض میں طے پانے والے ”اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے“ کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین ایک حوثی اہلکار کی پرانی ویڈیو کلپ کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف جھوٹی مہم چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک حوثی عہدیدار نے پاکستان کو مبینہ طور پر سعودی عرب کے لیے یمن کی سرحد پر فوجی بھیجنے پر دھمکی دی ہے۔

تاہم فیکٹ چیکٹ کی ویب سائٹ آئی ویری فائی پاکستان نے یہ بھارتی دعویٰ غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر متعدد بھارتی صارفین نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس میں ایک شخص کو حوثی عہدیدار ظاہر کیا گیا، اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 16 ستمبر کو ریاض میں طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں پاکستان نے اس معاہدے کے تحت 25 ہزار فوجی یمن کی سرحد پر تعینات کیے ہیں۔

ایک بھارتی پروپیگنڈہ اکاؤنٹ نے 19 ستمبر وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تصویر کے ساتھ ایک حوثی اہلکار کی ویڈیو شیئر کی۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ پاکستان نے نئے دفاعی معاہدے کے تحت سعودیہ۔یمن سرحد پر اپنے 25 ہزار فوجی تعینات کر دیے، جس کے جواب میں حوثی جنگجوؤں نے سنگین دھمکی دی ہے کہ وہ سعودیہ۔یمن سرحد کو پاکستانی فوجیوں کے لیے قبرستان بنا دیں گے۔‘

یہ پوسٹ نہ صرف وائرل ہوئی بلکہ 3 لاکھ 59 ہزار سے زائد بار دیکھی گئی اور متعدد بھارتی اکاؤنٹس نے اسے ری شئیر بھی کیا۔

تاہم مذکورہ ویڈیو میں کوئی سب ٹائٹل یا ترجمہ شامل نہیں تھا اور نہ ہی اس میں بولنے والے شخص کی شناخت ظاہر کی گئی تھی۔

ویڈیو کو اے آئی ٹولز کے ذریعے ترجمہ کیا گیا تھا، جس سے معلوم ہوا کہ اس میں بولنے والے نے پاکستان کا ذکر ہی نہیں کیا تھا۔

ویڈیو میں دراصل حوثی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نظر آ رہے ہیں، جو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بیان دے رہے تھے۔

ان کے حقیقی الفظ یہ تھے کہ، ’غزہ ہمارے لیے ایک سرخ لکیر ہے، ہماری مقدسات اور ہمارا اسلام سرخ لکیریں ہیں، اور ہم ان پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر دشمن نے غزہ پر جارحیت جاری رکھی تو ہم ایسے اہداف کو نشانہ بنائیں گے جن کا تصور بھی دشمن نے نہیں کیا ہوگا۔‘

ریورس امیج سرچ سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو لبنانی نیوز چینل المیادین نے 14 مئی 2024 کو یوٹیوب چینل پر جاری ہوئی تھی۔ اور اسی تاریخ کو ایرانی نیوز آؤٹ لیٹ ”پریس ٹی وی“ نے بھی اسے شائع کیا تھا۔

تاہم فیکٹ چیک سے یہ ثابت ہوا ہے کہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے حوثی اہلکار نے پاکستان کو دھمکی تو دور کی بات بلکہ ذکر تک موجود نہیں تھا، یہ ویڈیو مئی 2024 کی ہے اور اس میں یحییٰ سریع نے پاکستان کے حوالے سے نہیں بلکہ اسرائیل اور غزہ کے تنازع پر گفتگو کی تھی۔

یہ واقعہ بھارتی سوشل میڈیا حلقوں میں پھیلائے جانے والے جھوٹے بیانیوں اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی ایک تازہ مثال ہے۔

Read Comments