Aaj Logo

شائع 19 ستمبر 2025 09:33pm

بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے متعلق بڑی خبر آگئی

پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے، جس کا نوٹم بھی جاری کردیا گیا۔

جمعے کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا نیا نوٹم جاری کردیا۔ جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بدستور دستیاب نہیں ہوگی۔

نوٹم میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی ان تمام جہازوں پر لاگو ہے جو بھارتی ائیرلائنز یا آپریٹرز کی ملکیت ہیں اور ان کے زیر آپریشن ہیں یا ان سے لیز پر حاصل کیے گئے ہیں، اس پابندی میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔

سول ایوی ایشن کے مطابق اس پابندی کا نفاذ 19 ستمبر 2025 کو دوپہر ایک بجے سے ہوگا اور اختتام 24 اکتوبر 2025 کو صبح 4:59 بجے پر ہوگا۔

سول ایوی ایشن نے وضاحت کی ہے کہ یہ پابندی زمین سے لے کر غیر محدود اونچائی تک مؤثر ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کی توسیع کرتے ہوئے 23 ستمبر تک پابندی برقرار رکھی تھی۔

خیال رہے پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 اپریل سے بند ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلسل پانچویں مہینے بھارتی طیاروں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر رہا ہے۔

23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد 24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 23 مئی کو پہلی مرتبہ ایک ماہ کی توسیع کی تھی، جس کے بعد 23 جون کو اس میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 19 جولائی کو ایک اور نوٹم جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پابندی پاکستانی وقت کے مطابق 24 اگست کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔

20 اگست کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود میں 23 ستمبر تک بندش کی توسیع کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔

Read Comments