محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ مون سون کے 11 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 15 سے 19 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، آئندہ ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں 16 سے 19 ستمبر کے درمیان مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جب کہ 15 سے 19 ستمبر کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہے۔
محکہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 ستمبر تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جب کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک جب کہ ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں ایک مرتبہ مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے 11 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 16 سے 19 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے متوقع بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔