Aaj Logo

شائع 10 ستمبر 2025 12:26pm

چین میں انفلوئنسر نے پبلک میں لیپ ٹاپ چھوڑ دیا، آگے کے منظر نے سب کی آنکھیں کھول دیں

پیرس کے سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹِنچو نے حال ہی میں چین میں ایک سوشل تجربہ کیا جو وائرل ہوگیا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو میں، انہوں نے اپنا لیپ ٹاپ 30 منٹ کے لیے مال میں چھوڑ دیا تاکہ دیکھیں کہ کوئی اسے چرا لے گا یا نہیں۔ ٹنچو دور سے یہ بھی جائزہ لیتا رہا کہ کوئی ان کے لیپ ٹاپ کو چھو بھی نہیں رہا ہے۔ حیرت انگیز طور پر، کوئی بھی اس کے قریب تک نہیں آیا۔

ٹِنچو نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا، ”پیرس واپس آ کر، یہ بالکل ناممکن لگے گا ۔ یہاں میں اتنی قیمتی چیز کو ایک لمحے کے لیے بھی اکیلا چھوڑنے کی ہمت نہیں کروں گا۔ لیکن چین میں سیکیورٹی اور عوامی اعتماد بالکل مختلف محسوس ہوتا ہے۔“

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ لاپرواہی نہیں بلکہ ملک کے سماجی اصول اور چھوٹے جرائم کی کمی کو دیکھنے کا ایک تجربہ تھا۔

ٹِنچو نے مزید کہا، ”یہ تجربہ میں نے صرف اپنی قسمت آزمانے کے لیے نہیں کیا تھا، بلکہ یہ دیکھنا تھا کہ یہاں حفاظت اور سماجی اصول کیسے مختلف ہیں۔“

ویڈیو نے آن لائن ایک بڑی بحث کا آغاز کردیا۔ مختلف ممالک کے صارفین نے اس حوالے سے اپنے ملک کے تجربات بھی شیئر کیے۔ بہت سے ناظرین نے تبصرہ کیا کہ ان کے ملکوں میں ایسا کرنا ناممکن ہوتا۔ کئی لوگوں نے چین کے مضبوط سسٹم اور نظم و ضبط پر مبنی ثقافت کی تعریف کی۔

ایک صارف نے لکھا، ”برازیل میں وہ لیپ ٹاپ، کرسی اور میز سہی غائب ہوجاتا۔“

دوسرے صارف نے کہا، ”جنوبی افریقہ میں وہ آپ کے ہاتھ سے ہی چیز چھین لیتے ہیں، چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔“

ایک اور صارف نے شیئر کیا،”میں نے چین میں ایک ریستوران میں اپنا پرس اور فون چھوڑا جس میں تقریباً 10,000 یوان تھے۔ دوستوں کے ساتھ باہر گیا۔ 8 گھنٹے بعد واپس گیا تو سب کچھ موجود تھا۔ تب سے میں بیجنگ اور چین سے محبت کرنے لگا ہوں، اور ہاں، کئی ایشیائی ممالک بھی ایسے ہیں انتہائی محفوظ اور لوگوں کا رویہ مغربی ممالک سے بالکل مختلف ہے۔“

Read Comments