Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 اگست 2025 09:19pm

پاکستان میں ربیع الاوّل کا چاند نظر نہیں آیا

پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 26 اگست بروز منگل جب کہ 12 ربیع الاول 6 ستمبر بروز ہفتہ ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران، وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی، مولانا عبدالخبیر نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں کسی بھی جگہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ربیع الاوّل کا پہلا دن 26 اگست بروز منگل جبکہ 12 ربیع الاوّل (عید میلاد النبیؐ) 6 ستمبر بروز ہفتے کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

علاوہ ازیں، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔

لاہور میں ڈی جی اوقاف خالد محمود سندھو کی زیر صدارت اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علما، محکمہ موسمیات اور محکمہ اوقاف کے افسران کی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران، مولانا اسحاق ساقی نے دعا کرائی، دعا میں خیبرپختونخواہ میں سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

لاہور میں ماہ ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، لاہورمیں بادل ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہ آسکا۔

ادھر پشاور میں بھی ماہ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے پشاور میں زونل کمیٹی کا اجلاس ہو ا جس میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

Read Comments