بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو چین کے اعلیٰ سفارت کار، وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کئی سال سے جاری سرحدی کشیدگی میں کمی کی ایک اہم علامت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای 2 روزہ دورے پر پیر کو بھارتی دارالحکومت دہلی پہنچے، جہاں ان کی وزیر اعظم مودی اور دیگر بھارتی رہنماؤں سے ہمالیائی سرحدی تنازع پر گفتگو ہوگی۔
ملاقات کے ایجنڈے میں سرحد پر تعینات افواج کی تعداد میں کمی اور متنازع علاقوں میں تجارت کی ممکنہ بحالی پر گفتگو شامل ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پرانا سرحدی تنازع 2020 میں اس وقت شدت اختیار کرگیا تھا جب لداخ میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مہلک جھڑپ ہوئی تھی۔
اس کے بعد دونوں جانب سے لاکھوں فوجی سرحدی علاقوں میں تعینات کر دیے گئے تھے، جس کے اثرات تجارتی، سفارت کاری پر بھی مرتب ہوئے تھے۔
حالیہ روابط اور بہتری کی علامات
حالیہ چند ماہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرکاری دوروں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تجارت پر عائد چند پابندیوں میں نرمی، شہریوں کی نقل و حرکت اور کاروباری افراد کے ویزوں کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
جون میں چین نے بھارتی یاتریوں کو تبت میں مذہبی مقامات پر جانے کی بھی اجازت دی، جبکہ دونوں ممالک براہِ راست پروازوں کی بحالی پر بھی کام کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے تصدیق کی تھی کہ دونوں ممالک 3 ہزار 488 کلومیٹر طویل سرحد کے تین مقامات سے تجارت کی بحالی کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
مودی سے ملاقات سے قبل وانگ ای کی بھارت کے قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ کی راہ پر گفتگو کی۔
وانگ ای کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں میں پیش آنے والی رکاوٹیں دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں نہیں تھیں۔ ہم اس بات سے مطمئن ہیں کہ سرحد پر اب استحکام واپس آ رہا ہے۔
پیر کو چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ کا کہنا تھا کہ چین وانگ ای کے دورۂ بھارت کو دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے اور تعلقات کو مستحکم اور پائیدار انداز میں آگے بڑھانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وانگ اور اجیت دوول کی ملاقات سرحدی علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے گہرائی میں بات چیت کا تسلسل ہے۔
مودی کا آئندہ دورہ چین
مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان تعلقات میں بہتری کا آغاز اکتوبر 2024 میں ہوا، جب دونوں رہنماؤں نے روس میں ایک بین الاقوامی سربراہی اجلاس کے دوران طویل عرصے بعد براہِ راست ملاقات کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی رواں ماہ کے آخر میں چین کا 7 سال بعد پہلا دورہ کریں گے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔