پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سیاحوں کو نقل و حمل محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری اور گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
سیکرٹری سیر و سیاحت، کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو جاری مراسلے میں پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر سیاح محفوظ مقامات پر رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کے داخلے کو مسلسل نوٹ کرنے اور مری ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹریفک کے بہاؤ کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی تمام حساس مقامات پر الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو ممکنہ بارشوں اور فلیش فلڈنگ کے بارے آگاہی فراہم کی جائے۔ سیاح اور شہری پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
مریم نواز نے پی ڈی ایم اے پنجاب انتظامیہ، پولیس، ریسکیو کو ضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں کہ ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حکام کو بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کوہ سلیمان رود کوہیوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لئے پیشگی انتظامات کا حکم جاری کیا اور مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی اقدامات کا حکم دیا ہے۔
مریم نواز نے دریاؤں، نہروں و ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر نہانے پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلا کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر پولیس پٹرولنگ کی ہدایت کی اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔