بھارت میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب اس وقت مذاق کا نشانہ بن گئی جب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ترنگا گرا دیا۔ امیت شاہ نے تقریب کے دوران ترنگا لہرانے کیلئے رسی کھینچی تو ترنگا اوپر جانے کے بجائے نیچے آگرا سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب اس وقت مذاق کا نشانہ بن گئی جب بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ قومی پرچم (ترنگا) لہرانے کے دوران شرمندگی کا شکار ہو گئے۔ امیت شاہ جیسے ہی پرچم کشائی کے لیے رسی کھینچنے لگے تو ترنگا اوپر بلند ہونے کے بجائے اچانک نیچے زمین پر گر گیا۔
یہ واقعہ دہلی میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دوران پیش آیا، جس میں بڑی تعداد میں سرکاری حکام، میڈیا نمائندگان اور عوام شریک تھے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امیت شاہ پرچم لہرانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ترنگا ان کے ہاتھوں سے پھسل کر نیچے گر جاتا ہے، جس کے بعد تقریب میں ایک لمحے کے لیے خاموشی چھا جاتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے کو ”قومی وقار کی توہین“ قرار دیتے ہوئے بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔
کئی صارفین نے اسے یومِ آزادی پر ”بدشگونی“ سے تعبیر کیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ یہ واقعہ موجودہ حکومت کی ”نااہلی“ کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں یومِ آزادی ہر سال 15 اگست کو منایا جاتا ہے، جس میں قومی پرچم کشائی اور حب الوطنی کے جذبات کے اظہار کے لیے مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ تاہم، اس بار کی تقریب میں پیش آنے والے اس واقعے نے حکومت کو سبکی سے دوچار کر دیا ہے۔