شائع 08 اگست 2025 09:24pm

اسرائیل کی امدادی قافلوں اور پناہ گزین مراکز پر بمباری، 98 فلسطینی شہید

اسرائیلی فورسز کی غزہ میں امدادی قافلوں اورپناہ گزین مراکز پر بمباری جاری، 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں 98 افراد شہید ، 603 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں امدادی قافلوں اور پناہ گزینوں کے مراکز پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 98 فلسطینی شہید اور 603 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق 51 افراد امداد کے حصول کے دوران شہید کیے گئے جبکہ مزید 4 افراد بھوک کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔ رپورٹ کے مطابق بھوک سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 197 ہو چکی ہے، جن میں 96 بچے بھی شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، جاری جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 61 ہزار 258 ہو چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 52 ہزار 45 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں شدید غذائی قلت سے متاثرہ بچوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ادارے کے مطابق اسرائیلی بمباری، جبری قحط اور فوجی محاصرے کے نتیجے میں یومیہ 28 بچے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔

یونیسف کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 18 ہزار سے زائد بچے شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد شیر خوار اور کم عمر بچوں کی ہے۔

Read Comments