Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 اگست 2025 12:15pm

کراچی: جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ، غیر ملکی خاتون زخمی

کراچی کے علاقے ملیر 15 ملت گارڈن میں جائیداد کے تنازع پر گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے فلپائنی نژاد خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق زخمی خاتون ڈیلیا البرطو پاکستانی شہری ناصر کی بیوہ ہیں، جو اپنے شوہر کے انتقال کے بعد سسرال میں جائیداد کے حصول کے لیے پہنچی تھیں۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون اور ان کے دیور دانش الطاف کے درمیان تلخ کلامی بڑھتے بڑھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ جھگڑے کے دوران دانش نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈیلیا البرطو کو دو گولیاں لگیں اور وہ زمین پر گر پڑیں۔ زخمی خاتون کو تشویش ناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسلام آباد سے غیرملکی کی لاش برآمد

واقعہ کا مقدمہ زخمی خاتون کی بیٹی کی مدعیت میں تھانہ سعود آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ بیٹی نے بیان دیا کہ وہ اپنی والدہ اور دیگر چار افراد کے ہمراہ جاپان سے پہلے بنکاک اور پھر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں۔ ایئرپورٹ سے ملت گارڈن میں واقع اپنے والد کے گھر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے پہنچیں، جہاں دروازہ کھٹکھٹاتے ہی اوپر سے فائرنگ شروع ہوگئی۔

بیٹی نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ان کے چاچا دانش الطاف تھے۔ اس واقعے کے گواہان میں ان کے دادا اور دیگر چچا بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ پرانے جائیداد کے جھگڑے کا نتیجہ ہے اور ملزم دانش واقعے کے بعد موقع سے فرار ہو چکا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا تعلق جاپان سے ہے اور انہوں نے پاکستانی شہری ناصر سے شادی کی تھی، جن کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو گیا تھا۔ خاتون اپنے شوہر کے گھر میں وراثت کے دعوے کے سلسلے میں کراچی آئی تھیں، جہاں انہیں اپنے سسرالی رشتہ داروں کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔

Read Comments