راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 5 میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ریسکیو راولپنڈی کی امدادی ٹیموں نے برساتی نالے میں بہہ جانے والی گاڑی کا دس روز بعد سراغ لگا لیا۔ گاڑی کو کاک پل کے قریب برساتی نالے سے نکال لیا گیا ہے، تاہم گاڑی میں سوار اسحاق قاضی کی جواں سالہ بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 22 جولائی کو اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں شدید بارش کے باعث نالے میں طغیانی کے سبب ان کی گاڑی پانی میں بہہ گئی تھی۔
ریسکیو ٹیموں کو 23 جولائی کو گاڑی کا بونٹ اور بمپر ملے تھے، جب کہ 24 جولائی کو اسحاق قاضی کی لاش نالے سے برآمد کر لی گئی تھی۔
گاڑی سمیت بہنے والے کرنل (ر) اسحاق کی بیٹی کی لاش تاحال نہ مل سکی
ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی کی مکمل بازیابی کے لیے امدادی کارروائیاں گزشتہ کئی روز سے جاری تھیں، جو بالآخر کامیاب ہوئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جواں سالہ لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے، اور امید ہے کہ جلد اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔متاثرہ خاندان نے امدادی اداروں کی مسلسل کاوشوں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
ریسکیو احکام کی جانب شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ گاڑی کے بہہ جانے کا واقع 22 جولائی کو پیش آیا تھا ریسکیو حکام کا مزید بتانا تھا کہ راول ڈیم کے اسپیل ویز کھلنے سے دریا سواں میں پانی کا لیول بلند ہوا ایک درجن کے قریب ریسکیو اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے تھے۔