Aaj Logo

شائع 29 جولائ 2025 09:19am

کشمیر، گلگت اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کا امکان، کراچی میں مطلع ابر آلود

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے باجوڑ، خیبر، کرم، مہمند، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ روز کوہاٹ میں تین ملی میٹر اور بالاکوٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

صوبے کے بالائی اضلاع مانسہرہ، کوہستان، ہری پور، کرک، شانگلہ، سوات، دیر اور ملاکنڈ میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں درجہ حرارت 39، قلات میں 34، زیارت میں 28، ژوب میں 38، سبی اور نوکنڈی میں 43، تربت میں 41، چمن میں 40 جبکہ گوادر اور جیوانی میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق یہاں درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 23 ہزار 168 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 87 ہزار 50 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔

کراچی میں بھی موسم مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری، موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور جنوب مغرب سے 33 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے، تاہم بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔

ادھر اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی توقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں شام کے وقت بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

Read Comments