Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2025 08:45am

مارکو روبیو نے اسحاق ڈار سے ملاقات کو مفید قرار دے دیا

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کے درمیان واشنگٹن میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جسے مارکو روبیو نے ”مفید“ اور ”تعمیری“ قرار دیا۔ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے، انسداد دہشت گردی اور خطے کے استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے مرکزی دفتر آمد پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ملاقات میں ٹیکنالوجی، زراعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے سینئر حکام شریک تھے جبکہ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پاکستان امریکا کے ساتھ ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں، پڑوسیوں کے ساتھ تناؤ نہیں چاہتے، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے عالمی امن کے لیے امریکی قیادت، بالخصوص صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکی کردار کو ”لائق تحسین“ قرار دیا۔

مارکو روبیو نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی و علاقائی امن کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار کی مارکو روبیو سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک نے آئندہ انسدادِ دہشتگردی مکالمے کے لیے تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔ ملاقات کو پاک امریکا تعلقات کے ایک نئے اور مثبت باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

Read Comments