Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2025 10:21pm

پکڑے گئے! آج نیوز کے پروگرام ”ٹارگٹ“ میں قومی رضاکاروں کی رشوت اور ہراسانی کا پول کھل گیا

آج نیوز کے پروگرام ٹارگٹ نے ایک اور ایکشن لیتے ہوئے قومی رضا کاروں کی رشوت اور شہریوں کو ہراساں کرنا بے نقاب کر دیا۔

آج نیوز کے مقبول عوامی پروگرام ”ٹارگٹ“ نے ایک بار پھر عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے پولیس قومی رضاکاروں کی جانب سے شہریوں سے رشوت اور ہراسانی کی شکایات کو بے نقاب کر دیا۔ پروگرام کے انکشاف پر سندھ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قومی رضاکاروں کی خدمات منسوخ کر دی ہیں۔

پروگرام ”ٹارگٹ“ کی 20 جولائی کو نشر ہونے والی قسط میں اینکر سید شہریار عاصم عرف شیری اور ان کی ٹیم نے کراچی کے ساحلی علاقوں میں موجود پولیس قومی رضاکاروں کے ناروا رویے کو بے نقاب کیا۔

آج نیوز کے پروگرام میں دکھائی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ اہلکار ساحل پر موجود شہریوں سے کبھی شناختی کارڈ اور کبھی نکاح نامہ طلب کرکے ہراساں کرتے اور مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہیں۔

پروگرام کے نشر ہوتے ہی سندھ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو پورٹل پر بیان جاری کیا کہ ان تمام پولیس قومی رضاکاروں کی خدمات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اب کسی کو بھی پولیس قومی رضا کار کی وردی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

آج نیوز کا پروگرام ”ٹارگٹ“ مسلسل ایسے معاشرتی و سماجی مسائل کو اجاگر کر رہا ہے جن سے عام شہری متاثر ہوتے ہیں۔ یہ پروگرام نہ صرف مسائل کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ مؤثر عوامی آواز بن کر حکام کو عملی قدم اٹھانے پر بھی مجبور کرتا ہے۔

عوامی حلقوں نے آج نیوز کی ٹیم اور پروگرام ”ٹارگٹ“ کی کاوش کو سراہا ہے۔

Read Comments