Aaj Logo

شائع 24 جولائ 2025 06:57pm

بلوچستان میں غیرت کے نام پر جوڑے کے قتل کیخلاف سینیٹ میں قرارداد منظور

سینیٹ نے بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں غیرت کے نام پر جوڑے کے قتل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سینیٹ اجلاس میں بلوچستان میں شادی شدہ جوڑے کے قتل پر پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے قرارداد پیش کی تاہم سینیٹ نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا کہ ایوان بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والے جوڑے کی مذمت کرتے ہے، جرگے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اس طرح کے جرائم کی روک تھام ہونی چاہیئے، پاکستان کے تمام شہریوں کی قانون و آئین کے مطابق حفاظت کی ذمہ داری ریاست کی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا۔

شاہد رند نے کہا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔

Read Comments